ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ’’ وِکست بھارت ، وِکست جموں وکشمیر‘‘ پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جموں//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے آج ضلع بھر میں 24مقامات پر 20؍ فروری 2024 کو منعقد آئندہ ’’ وِکست بھارت ،وِکست جموںوکشمیر ‘‘ پروگرام کے لئے زمینی کا م کا جائزہ لینے کے لئے ایک جائزہ اور تیاری میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایم سی ہال کپواڑہ، ایم سی ہال ہندواڑہ، ٹیٹوال، کیرن، مژھل اور دیگر بلاک ہیڈکوارٹروں سمیت تمام مقامات پر ’’وِکست بھارت، وِکست جموں کشمیر‘‘کے بغیر کسی رکاوٹ اور کامیاب اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ایکشن پلان اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ تقریبات کے لئے فول پروف اِنتظامات کریں اور ضلع کپواڑہ میں پروگرام کے خوش اسلوبی اور کامیاب اِنعقاد کے لئے مختلف سطحوں پربہترین کوآرڈی نیشن کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی تقریب کے دوران بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے کو یقینی بنائیں کیوں کہ رابطہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔بی ڈی اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ 17 ؍فروری تک مقامات کو تیار رکھیں اور پروگرام کے دوران ٹی وی سکرین، ویب کیمروں، پاور بیک اَپ، بیٹھنے کے یکساں اِنتظامات ، مناسب سجاوٹ اور نظم و ضبط کی تنصیب کو یقینی بنائیں اور 19؍ فروری تک ہر لحاظ سے مقامات کی تیاری کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے بی ڈی اوز اور سی ڈی پی اوز کو 18 اور 19 ؍فروری کو ریہرسل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران سے کہا کہ متوقع برف باری کی صورت میں کھلے مقامات کے لئے متبادل مقامات کی نشاندہی کریں۔میٹنگ میں اے ڈی سی کپواڑہ محمد رؤف رحمان، پی او آئی سی ڈی ایس حکیم تنویر، اے سی ڈی کپواڑہ محمد مظفر، اے سی پی مدثر احمد وانی اور تمام نوڈل اَفسروںنے شرکت کی۔