’’5 سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں ‘‘ ،عوام الناس سے مہم میں بھر پور شرکت کی اپیل
سرینگر//صحت اور طبی تعلیم کے سیکرٹری ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے آج اس بات پر زور دیا کہ 3 مارچ کو قومی حفاظتی ٹیکوں ( پلس پولیو ) کے موقع پر 5 سال سے کم عمر کے ہر بچے کو اورل پولیو ویکسین ( او پی وی ) ضرور پلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے 2011 سے پولیو فری حیثیت برقرار رکھی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ملک پولیو سے پاک رہے ، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی کوششیں دوگنی کرنی چاہئیں ۔ انہوں نے عام لوگوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملک اور جموں و کشمیر کی پولیو فری حیثیت کو برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے قومی حفاظتی ٹیکوں کے دن ( این آئی ڈی ) میں دل و جان سے شرکت کرنے کی اپیل کی ۔ ان باتوں کا اظہار سیکرٹری موصوف نے ریاستی ٹاسک فورس کی میٹنگ کے دوران قومی امیونائیزیشن ڈے کے دوران جموں و کشمیر میں 3 مارچ 2024 کو ہونے والی پلس پولیو کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور نفاذ پر تبادلہ خیال کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جموں وکشمیر ، جموں و کشمیر کے ضلع ترقیاتی کمشنرز ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ، ڈائریکٹر آیوش جے اینڈ کے ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، چیف میڈیکل آفیسرز اور دیگر نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر عابد رشید نے ہر ضلع سے ٹارگٹ آبادی میں این آئی ڈی کی سرگرمیوں کیلئے کی گئی تیاریوں اور ان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ سیکرٹری صحت نے ڈی آئی اوز کو تمام مقامات پر ویکسین کی مناسب فراہمی کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور کولڈ چین کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا ۔










