جموں میں مختلف ترقیاتی پروگراموں کا افتتاح کرنے کے علاوہ سرینگر کا دورہ بھی کریں گے
سرینگر // وزیر اعظم نریندرمودی 20فروری کو دورے جموں کشمیر پر وارد ہو رہے ہیں جس کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔دورے کے دوران وزیر اعظم جموں اور سرینگر میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کریں گے جبکہ اس کے علاوہ جموں میں ریلی سے خطاب بھی کریں گے ۔ سی این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے جموں کشمیر کے پیش نظر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کا سخت بند وبست کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر کی شاہراہوں اور دیگر لنک روڈس پر جہاں سیکورٹی فورسز کے عملے کی تعیناتی میں اضافہ کیا گیا ہے وہیں سرینگر، جموں شاہراہ کے دیگر علاقوں میں چیک پوائنٹس بڑھا دئے گئے ہیں۔ معلوم ہو ا ہے کہ جموں کشمیر بھر میں عمومی طور پر اور خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں وزیر اعظم اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ نریندر مودی 20فروری کو جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ جموں میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وہ شہر میں مختلف ترقیاتی سکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم سرینگر بھی وارد ہونگے ۔ ان کے دورے جموں کشمیر کے پیش نظر سرینگر میں،چوکسی بڑھ گئی۔ذرائع نے بتایا کہ شہر میں دن رات گشت جاری ہے جبکہ مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔










