محکمہ بجلی کا ایک اور ملازمین بجلی کرنٹ لگنے کے بعد فوت

علاقے میں کہرام مچ گیا ، لوگوںنے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا

سرینگر//پارمپورہ میں محکمہ بجلی کا ایک انسپکٹر کرنٹ لگنے سے فوت ہوا ۔ اس واقعے کی وجہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے موقع پر جمع ہوئی ۔ ادھر پولیس نے اس ضمن میںرپورٹ درج کرلی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق پارمپورہ سرینگر میں محکمہ بجلی کا ایک انسپکٹر کرنٹ لگنے کی وجہ سے فوت ہواہے ۔ اس سلسلے میں حکام نے بتایا کہ سرینگر کے پارمپورہ علاقے میں بدھ کے روز ایک پی ڈی ڈی انسپکٹر بجلی کا جھٹکا لگنے سے اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ کچھ مرمت کا کام کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کرنٹ لگنے کے فورا بعد اگرچہ اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں ایس ایم ایچ ایس پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا ۔ انسپکٹر کی شناخت امتیاز احمد کے طو رپر ہوئی ہے جو کہ چھتہ بل سرینگر کا رہنے والا تھا ۔ ادھر جونہی انسپکٹر کی لاش آبائی علاقہ پہنچائی گئی تو وہاں پر کہرام مچ گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد مہلوک کے گھر جمع ہوئی اور ان کی ڈھارس بندھائی ۔ ادھر علاقے کے مقامی لوگوں نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملازم کو مرمت کا کام کرنا تھا تو ٹرانسمیشن لائن کیوں نہیں منقطع کی گئی۔ادھر پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ بجلی کے ساتھ کام کرنے والے متعددملازمین اسی طرح بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئے ہیں اور خاص کر محکمہ میں عارضی طور پر کام کرنے والے دوران ڈیوٹی بجلی کرنٹ کے بعد یا تو اپاہج بن جاتے ہیں یا پھر زندگی کھو بیٹھتے ہیں ۔