ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے دیہی ترقی اور ریونیو محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیا

ڈوڈہ// ضلع ترقیاتی کمشنر ہرویندر سنگھ نے ایک میٹنگ میں دیہی ترقی اور ریونیو محکموں کے کام کاج کا جائز ہ لیا جس میں حکومت کی طرف سے حالیہ اِنتظامی ردوبدل میں نئے تعینات اَفسروں سمیت اہم ملازمین نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پران سنگھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سدرشن کمار، ڈی پی او آئی سی ڈی ایس پرم جیت سنگھ، اے سی آر سنجیو کمار، اے سی ڈی منوج کمار، اے سی پی مشرف ہاف، ایس ڈی ایمز، تحصیلداروں اور بی ڈی اوز نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ریونیو اور آر ڈی ڈی افسران پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی کان کنی، منشیات کے اِستعمال، مویشیوں کی سمگلنگ، سرکاری اراضی پر قبضہ اور دیگر غیر قانونی، سماج دشمن اور امن مخالف سرگرمیوں سے نمٹنے کے لئے ایکشن پلان تیار کریں۔اُنہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ عام آدمی کی توقعات پر پورا اُترنے کے لئے ہم آہنگی کی کوششیں کریں، اور پریشانی پیدا کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں۔ہرویندر سنگھ نے شفافیت، جوابدہی اور بروقت عوامی خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ بروقت رپورٹ پیش کریں اور سرکاری دفاتر میں عملے کی وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو ریکارڈ کیپنگ، پروسسنگ اور خدمات کی فراہمی کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور اِی۔ آفس کو اَپنا ئیں۔آر ڈی ڈی افسران پر زور دیا گیا کہ وہ اس مالی برس کے آخیرتک منظور شدہ کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں ان کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور آن لائن موڈ کے ذریعے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بلارُکاوٹ خدمات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھائیں۔