ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے حضرت جانباز ولی ؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی

شب معراج کی تقریب سعید کے سلسلے میں اِنتظامات کو حتمی شکل دی

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے شب معراج کے پیش نظر متعلقہ افسران کے ہمراہ آج خان پورہ بارہمولہ میں حضرت سیّد جانباز ولی ؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی اورشب معراج کی تقریب کے سلسلے میں اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دورے کے دوان مقامی اوقاف کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی اور درگاہ میں تقریب سعید معراج النبی ؐ کے اِنتظامات کے حوالے سے ان کے مسائل دور کئے ۔ منگا شیر پا نے اُنہیں یقین دِلایا کہ اِس موقعہ پر زیارت گاہ پر آنے والے عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کئے جائیں گے ۔اُنہوں نے پی ایچ ای حکام کو ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہ میں پانی کی مناسب فراہمی کے انتظامات کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس موقعہ پر عقیدت مندوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اِسی طرح پی ڈی ڈی افسران کو زیارت گاہ پر مسلسل اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی ذمہ داری سونپی گئی تاکہ عقیدت مندوں کو ان کی مذہبی تقریبات منعقد کرنے کے لئے احسن اور بلا تعطل ماحول فراہم کیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے ای او میونسپل کونسل بارہمولہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہ کے آس پاس مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے مقام پر کافی تعداد میں اَفراد اور مشینری تعینات کریں۔