بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے خراب موسمی صورتحال کی پیش گوئی کرنے والی ایڈوائزری کے پیش نظر موسم سرما کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف متعلقہ محکموں کے افسران کی میٹنگ کی صدارت کی۔اُنہوں نے پانی، بجلی، راشن اور طبی نگہداشت سمیت اشیائے ضروریہ کی فراہمی ، گاڑیوں کی بروقت آمدورفت کو یقینی بنانے اور روڈ کلیئرنس کے لئے محکمہ وار اِنتظامات کا جائزہ لیا۔منگا شیرپا نے سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر پی ایچ ای کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے تمام سب ڈویژنوں کو باتعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور عوام کی رَسائی اور سہولیت کے لئے دستیاب واٹر ٹینکروں کی جامع فہرست مرتب کریں۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ ریونیو کو ہدایت دی کہ وہ برفباری کے دوران گرنے والے بجلی کھمبوں کی نشاندہی کریں اور پی ڈی ڈی حکام کو ان کی فوری تبدیلی کی ہدایت دی تاکہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رُکاوٹ کو روکا جا سکے۔منگا شیرپا نے سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کو مزید ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اَفراد قوت اور مشینری کو تیاری کی صورت میںرکھیں اور ان پر زور دیا کہ وہ رضاکاروں کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کریں تاکہ خراب موسمی حالات کے دوران ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کیا جا سکے۔مکینیکل ڈیپارٹمنٹ کے اَفسروں نے روڈ کلیئرنس کے اقدامات کے بارے میں میٹنگ کا جانکاری دی کہ روڈ کلیئرنس کی کسی بھی ضرورت کا فوری جواب دینے کے لئے ضروری مشینری تعینات کردی گئی ہے۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے پانی کو منجمد ہونے سے روکنے کے لئے اِنسولیٹ کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سیاحتی مقامات پر پارکنگ علاقوں سے برف ہٹانے کو ترجیح دیں تاکہ موسم سرما کے دوران سیاحوں کے مجموعی تجربے کو بہتر بنایا جاسکے۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور، سپراِنٹنڈنگ انجینئران ،پی ایچ ای، پی ڈی ڈی، آر اینڈ بی کے ایگزیکٹیو انجینئروں نے شرکت کی جبکہ دیگر سب ڈویژنوں کے افسران نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔










