ترقیاتی مسائل کو دُور کیا ، شہری سہولیات کو یقینی بنایا اور مختلف اِمتحانی مراکز کا معائینہ کیا
بارہمولہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپانے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ کے ہمراہ آج سوپور کا دورہ کیا اور عوامی ترقیاتی مسائل کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر دورے کے دوران فروٹ منڈی سوپور گئے جہاں منڈی کے صدر نے انہیں واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل میں حائل رُکاوٹو ں، فروٹ منڈی کے احاطے میں اندرونی گلیوں اور ٹرک یارڈ کی میکڈیمائزیشن کے بارے میں جانکاری دی ۔مِنگاشیرپا نے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ یہ مسئلہ متعلقہ حکام کے سامنے اُٹھایا جائے گا اور اسے مقررہ مدت میں حل کیا جائے گا۔اِس کے بعدضلع ترقیاتی کمشنرنے مین بازار سوپور کا دورہ کیا تاکہ پہلے سے منعقدہ عوامی دربار کے دوران ٹریڈرز فیڈریشن سوپور کے وفد کی طرف سے اُٹھائے گئے مطالبات اور شکایات کا جائزہ لیا جا سکے۔اِس موقعہ پرمنگا شیرپا نے متعلقہ مارکیٹ اور اس کے اِرد گرد ناکارہ سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور بازار اور اس کے اَطراف میں صفائی ستھرائی کی مناسب سہولیات کو برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ حکام کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے بارہمولہ اور سوپور سمیت ضلع بھر کے مختلف اِمتحانی مراکز کا معائینہ کیا تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ فائنانس اکاؤنٹ اسسٹنٹ کے لئے جے کے ایس ایس بی کے اِمتحان کے منصفانہ اور اَحسن انعقاد کے لئے مناسب سہولیات موجود ہیں۔










