گزشتہ 50دنوں میں ایک لاکھ سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے پہلگام کی سیر کی
سرینگر//دو ماہ تک برفباری اور بارش نہ ہونے کے باجود بھی پہلگام میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی کافی تعداد پہنچی اور صرف 50دنوں میں ایک لاکھ سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے پہلگام کی سیر کی ۔ وائس آف انڈیا کے نمائندے امان ملک کے مطابق وادی میں گزشتہ دو ماہ خشک سالی کے گزرنے کے باوجود بھی یہاں کے سیاحتی مقامات پر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کا کافی رش دیکھنے کو ملا خاص کر پہلگام میں کافی تعداد سیاح دیکھے گئے ۔ موسم سرماء کے دوران پہلگام کی طرف سیاح نہیں جاتے تھے لیکن گزشتہ دو برسوں سے پہلگام کی سیر کیلئے کافی تعداد میں سیلانی آتے ہیں ۔ برفباری کے بعد کافی تعدادمیں سیاح گلمرگ، سونہ مرگ اورپہلگام آتے تھے لیکن اس سال برفباری نہ ہوئی تاہم اس کے باوجود بھی سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا کافی رش رہا ۔ چیف ایگزکیٹو آفیسر پہلگام ڈیولپمنٹ آفیسر طارق حسین نائیک نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے کم عرصے میں ایک لاکھ سے زائد ٹورسٹوں نے پہلگام کی سیر کی جن میں کافی تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی تھے ۔ انہوںنے کہا کہ پہلگام کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر سیاح اس جگہ کا دورہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے ٹورازم سیکٹر کو کافی فائدہ ہورہا ہے اور مقام لوگوں کیلئے یہ روزگار کا ذریعہ بنتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نہ صرف پہلگام بلکہ سمتھن ٹاپ جو کہ راجوری اور ضلع اننت ناگ کے درمیان واقع ہے میں بھی اس سال کافی ٹورسٹ آئے ۔ انہوںنے بتایا کہ سمتھن ٹاپ میں رواں ماہ کے ابتدائی دنوں میں ہلکی برفباری ہوئی تھی جس سے اس جگہ کی طرف سیاحوں کی توجہ بڑھتی ۔ دریں اثناء پہلگام ٹورازم سے وابستہ ایک ہوٹلیر گرمیت سنگھ رنگوانے وی او آئی نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ برفباری نہ ہونے کیوجہ سے اگرچہ کچھ سیاحوں کی جانب سے بکنگ منسوخ ہوئی تاہم اس کے باوجود بھی کافی تعداد میں ٹورسٹوںنے پہلگام کی سیر کی ۔ انہوںنے بتایا کہ بکنگ منسوخ کرنے والے سیاحوں نے بتایا ہے کہ جب بھی برفباری ہوگی تو وہ پہلی ترجیح میں پہلگام کا دورہ کریں گے ۔ واضح رہے کہ پہلگام میں بھی گزشتہ دو برسوں میں ونٹر کھیلوںکا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ اس جگہ کو موسم سرماء کے دوران بھی سیاحوں کیلئے کھلا رکھا جاسکے ۔










