tourism

محکمہ سیاحت رجسٹر کرنے کیلئے 100خواتین ٹورسٹ گائیڈز کو تربیت فراہم کرے گا

سری نگر/ / ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر نے سیاحتی سرگرمیوں میں صنفی شمولیت کو فروغ دینے کے ایک بڑے اَقدام کے تحت مزید خواتین ٹورسٹ گائیڈز کو رجسٹر کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے انہیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی مرحلے میں 100 خواتین کے بیچ کا اِنتخاب کیا جائے گا جنہیں محکمہ میں رجسٹر کرنے کے بعد رہنمائی کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔ناظم سیاحت کشمیر راجا یعقوب کے مطابق اِس کا مقصد سیاحتی شعبے میں صنفی مساوات کو مزید بہتر بنانا اور خواتین سیاحوں میں اعتماد کا احساس پیدا کرنا ہے جو وادی ٔکشمیر میں سیاحوں کی تعداد کا تقریباً پچاس فیصد ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے کشمیر میں سیاحتی شعبے میں خدمات کی فراہمی کے نظام میں مزید پیشہ ورانہ بہتری آئے گی۔دریں اثنا، ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر نے آج پہلگام، گلمرگ، سونہ مرگ اور یوسمرگ وغیرہ کے مختلف سیاحتی مقامات پر قومی یوم سیاحت منایا جس کا مقصد قدرتی مقامات کے نظاروں کا تحفظ اوردیرپاسیاحت کو اُجاگر کرنا ہے۔