Bhupinder Kumar chairs Public Darbar in Poonch

بھوپندر کمار نے پونچھ میں عوامی دربار کی صدارت کی

پونچھ //محکمہ تعمیراتِ عامہ ( آر اینڈ بی ) کے سیکرٹری بھوپندر کمار نے آج ڈاک بنگلہ پونچھ میں ایک عوامی دربار بلایا ۔ دربار کے دوران ڈی ڈی سی اور عوام نے انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے جلد ازالے کی مانگ کی ۔ پونچھ اور مینڈھر میں منی سیکٹریٹ کی تکمیل ، بفلیاز سرنکوٹ سڑک کی تعمیر ،بہرام گالہ میں ٹرانزٹ کیمپ اور دیگر کئی مسائل پیش کئے گئے ۔ ڈی ڈی سی ممبران اور سابق پی آر آئی نے اپنے اپنے علاقوں کے مسئلے کے حوالے سے میمورنڈم بھی پیش کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری نے مزید کہا کہ اس طرح کے پبلک آؤٹ ریچ پروگراموں کا انعقاد انتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک پُل کا کام کرتا ہے جس سے ضلع میں ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے ۔ سیکرٹری موصوف نے متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کے ڈی پی آر کے مطابق معیار کو یقینی بنانے اور تصریحات پر عمل کرنے کی ہدایت دی اور ایکس ای اینز کو نان پرفارمنگ کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کرنے کی ہدایت دی ۔ بھوپندر کمار نے حالیہ برسوں میں سڑک کی تعمیر اور بلیک ٹاپنگ کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کو اجاگر کیا ۔ سیکرٹری موصوف نے دور دراز علاقوں میں رابطوں کو ترجیح دینے کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ فوری کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے بھوپندر کمار نے یقین دلایا کہ دربار سے تمام عوامی معلومات کو ریکارڈ کیا جائے گا اور قابلِ عمل منصوبوں میں ضم کیا جائے گا ۔ عوامی دربار میں دیگر کے علاوہ ڈی ڈی سی چئیر پرسن پونچھ ، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ، اے ڈی ڈی سی پونچھ ، چیف انجینئر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ، ایکس ای این کے علاوہ ضلعی اور سیکٹورل افسران اور عوام کے وفد نے شرکت کی ۔