جموں//اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) جموں نے اَپنے اِفتتاحی لیڈرشپ بوٹ کیمپ، ودیابھیرم‘24 کے کامیاب آغاز کے ساتھ ایک تاریخی سنگ میل حاصل کیا۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ نے اس تقریب کا اِفتتاح کیا، شُرکأ سے خطاب کیا اور اس موضوع پر اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ بوٹ کیمپ قیادت کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں شرکأ کے علم میں مزید اِضافہ کرے گا۔اِس تقریب میں اسسٹنٹ پروفیسر آئی آئی ایم جموں ڈاکٹر برنالی چودھری، اسسٹنٹ پروفیسر آئی آئی ٹی جموں ڈاکٹر امیتش اوجہا،اسسٹنٹ پروفیسر لداخ یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید محمد اِقبال اور بانی ایکس وی اِی آرایس اِی لمیٹڈ پروین بانگیرا سمیت نامور مقررین نے معلوماتی لیکچردئیے۔اِس موقعہ پرجی جی ایم سائنس کالج، جموں و کشمیر کالج آف بی بی اے، ایس ایم وی ڈی یو کٹرا، ایم آئی ای ٹی جموں اور آئی آئی ٹی جموں کے علاوہ جموں کے معروف اِداروں کے 41 شرکأنے شرکت کی۔ اس ایک روزہ بوٹ کیمپ میں بصیرت انگیز گفتگو پیش کی گئی جس کے بعد جموںوکشمیر کے چیلنجوں سے متعلق 10مسائل پر بات چیت کی گئی۔ شرکأنے ’’ڈیزائن تھکنگ اینڈ سیسٹینین ایبلٹی‘‘ پر خصوصی توجہ کے ساتھ متعدد اختراعی حل تجویز کئے۔آئی آئی ٹی جموں کے فائنل ائیر کے طالب علم اور بوڈ کیمپ کے کنویئنر پریم ویر سنگھ نے اِس اَقدام کو سالانہ تقریب کے طور پر منانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر آئی آئی ٹی جموں پروفیسر منوج سنگھ گور نے بوٹ کیمپ کو مزید وسیع پیمانے پر 3سے5 دن کے فارمیٹ میں توسیع دینے کی تجویز پیش کی۔










