شبنم کاملی نے فارمرس گروپ کو نمائشی دورے کیلئے ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

شبنم کاملی نے فارمرس گروپ کو نمائشی دورے کیلئے ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

جموں //سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شبنم کاملی نے آج پرگتی بھون سے سٹرس فروٹ کی پیداوار سے وابستہ صوبہ جموں کے 18ترقی پسند کسانوں کو ہری جھنڈی دِکھا کر سینٹر آف ایکسی لینس ( ایک اِنڈو۔ اسرائیل پروجیکٹ) ہریانہ کے محکمہ باغبانی منگیانہ کو روانہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہارٹی کلچر/ایگری کلچر جموں رام سیوک، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر/منیجنگ ڈائریکٹرایم آئی ڈی ایچ جموں و کشمیر غلام رسول میر،منیجنگ ڈائریکٹر ایچ پی ایم سی امام الدین، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا ڈیولپمنٹ جموںناگیندر سنگھ جموال، جوائنٹ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر اور صوبہ جموں کے چیف ہارٹی کلچربھی موجود تھے۔سیکرٹری موصوفہ نے جموں و کشمیر کے کسانوں کی ترقی کے لئے جے اینڈ کے ایڈوائزری بورڈ کو جموں اور کشمیر کے کسانوں کے مفاد اور بہبود کے لئے اس طرح کے نمائشی دوروں کے اِنعقاد کے لئے سراہا۔ اُنہوں نے کاشت کاروں پر زور دیا کہ وہ زرعی سائنسی دانوں ، ماہرین اور توسیعی کارکنوں کے ساتھ بات چیت کریں تاکہ سائنسی خطوط پر فصلوں کی کاشت کے جدید طریقوں سے واقفیت کی جاسکے۔ شبنم کاملی نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ مربوط کاشت کاری شعبے میں اَپنی تکنیکی صلاحیتوںکو بڑھائیں اور اس طرح کے تربیتی پروگراموں سے سیکھنے کے بعد مختلف فصلوں کی کاشت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اَپنائیں۔اُنہوںنے کہا کہ یہ نمائشی دورہ ان کے تعلیمی سفر کا ایک علامتی آغاز ہوگا اور حکومت جموں و کشمیر کی طرف سے نئے سال کا تحفہ ہے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری جموںوکشمیر ایڈوائزری بورڈ برائے ترقی کساناں عبدالحمید وانی نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس نمائشی دورے کا مقصد کسانوں کو سٹرس فروٹ کی پیداوار اور ترقی میں ریاست ہریانہ کی طرف سے اَپنائے گئے جدید ترین طریقوں سے واقف کرنا ہے ۔ اِس کے علاوہ حصہ لینے والے کسانوں کو جدید تکنیکی ترقی سے روشناس کیا جائے گا جس سے وہ اَپنی زرعی آمدنی میں اِضافہ کریں گے اور ایکسپوزرٹور کے دوران ساتھی کسانوں کے ساتھ ان کی سیکھے ہوئے ہنر کے بارے میں اَپنے علم کا اِشتراک کریں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ باغبانی ہریانہ کے تعاون سے منعقد کی جانے والی اِس تربیت میں مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا جن میں کٹھی پھلوں کی ترقی میں بہترین طریقوں، پوسٹ مینجمنٹ تکنیک اور باغات کی ترقی میں جدید ترین پیش رفت شامل ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس طرح کے اَقدام کا مقصدآرچرڈ مینجمنٹ میں مہارتوں اور علم کو بڑھانا ہے تاکہ مجموعی پیداوار کو بڑھانے کے لئے دیرپا طریقوں کو فروغ دیا جاسکے۔