لوگوں کو ان کے مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی کی
ٹنگمرگ / /سیکرٹری ٹرانسپورٹ پرسنا راما سوامی جی نے عوام کی دہلیز پر حکمرانی کو لے جانے کی ایک ٹھوس کوشش میں ٹنگمرگ میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔عوامی دربار میں سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلمرگ سیّدالطاف، اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر بارہمولہ معظم علی، ضلعی اَفسران، پی آر آئیز، سماجی کارکنوں اور سب ڈویژن کے ملحقہ علاقوں کے مقامی عوام نے شرکت کی۔عوامی دربار میں معاشرے کے تمام طبقوں کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا اور وہاں لوگوں نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو مقامی لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اُن کے اَزالے میں مداخلت کی درخواست کی ۔ پی آر آئیز اورعام لوگوں نے آر اینڈ بی، تعلیم، پی ڈی ڈی، صحت، سوشل ویلفیئر اور سب ڈویژن ٹنگمرگ سے متعلق مختلف متعلقہ محکموں کے ارد گرد مروّجہ مطالبات اور شکایات پیش کیں۔ لوگوںنے سیکرٹری سے اپیل کی کہ وہ ان مسائل کے حل میں تیزی لانے کے لئے فوری مداخلت کریں۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوامی دربار کے بنیادی مقصد پر زور دیا کہ اِنتظامیہ اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کو آسان بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ رَسائی اور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے سرد موسم کے باوجود عوامی دربار میں شرکت کرنے پر عوامی نمائندوں کی سراہنا کی اور اَپنی شکایات اور مطالبات براہِ راست متعلقہ اَفسران کے سامنے پیش کرنے کے عزم کا اِظہار کیا۔ مزید برآں، سیکرٹری ٹرانسپورٹ موصوف نے حاضری دینے والے اَفسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ عوامی نمائندوں کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔اِس سے قبل سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے تعلیم، زراعت، صحت، آئی سی ڈی ایس، فوڈ سپلائز وغیرہ کی طرف سے لگائے گئے متعدد سٹالوں کاتفصیلی معائینہ کیا اور مستحق اِستفادہ کنندگان میں آیوش کارڈ ، منظوری نامے ، لینڈ پاس بُک اور دیگر سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے۔










