سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت الیکٹرانک بسوں میں سفر لوگوں کیلئے ایک نیا تجربہ ہوگا

مسافروں کی آسائش ترجیحات میں شامل ،ہر 20 منٹ بعد بسیں مقرر روٹس پر چلیں گی/ اطہر عامر خان

سرینگر// سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت الیکٹرانک بسوں میں سفر لوگوں کیلئے ایک نیا تجربہ ہوگا کی بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمارٹ سٹی سرینگر اطہر عامر خان نے کہا کہ ہر 20 منٹ بعد بسیں مقرر روٹس پر چلیں گی۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق مسافروں کی آسائش اور آرام کے پیش نظر سرینگر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت الیکٹرانک بس سروس با ضابطہ طو رپر شروع کر دی گئی ہے اور گزشتہ دنوں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ان بسوں کو ہری جھنڈ ی دکھا کر روانہ کیا ۔اس دوران ایک مقامی انگریزی روزنامہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمارٹ سٹی سرینگر اطہر عامر خان کا کہنا تھا کہ الیکٹر انک بسوں میں سفر کرنا لوگوں کیلئے ایک نیا تجربہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں سمارٹ سٹی کے تحت بس سروس کی شروعات سے ایک تو مسافروں کو شام دیر گئے تک ٹرانسپورٹ سروس بہم رہے گی جبکہ اس کے علاوہ ان کا سفر بھی آسان ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بسوں میں جدید سہولیات کے ساتھ تمام وہ چیزیں میسر ہے جن میں الٹرا ہائی ڈیفینیشن ڈیش کیم، اسٹاپ بٹن اور معذور افراد کیلئے سمارٹ بورڈنگ اور ڈی بورڈنگ کی سہولیات جیسی جدید ترین خصوصیات موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ ای بسیں سرینگر کے لوگوں کو بالکل سفر کا نیا تجربہ فراہم کرنے والی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کو اب بس اسٹاپوں میں زیادہ دیر انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور ہر 20منٹ بعد بسیں مقرر روٹس پر چلیں گی۔