گاندربل// ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے آج زیڈ مور اورزوجیلا ٹنل پروجیکٹوں کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔ابتداً، ضلع ترقیاتی کمشنرنے زیڈ مور اور زوجیلا ٹنل پروجیکٹوں کی تعمیر کے تحت آنے والے تمام زیراِلتوأ حصول اَراضی کے معاملات اورکرائے کے معاہدوں کی تفصیلات طلب کیں۔اُنہوں نے حصول اراضی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے این ایچ آئی ڈی سی ایل کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حصولِ اراضی کے لئے زمین کے مالکان سے رضامندی لی جائے اور زمین کے مالکان کے ساتھ ہونے والے تمام معاہدوں کو سب رجسٹرار آفس میں نوٹرائز کیا جائے ۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ان معاملات میں معاوضے کی رقم ادا کرنے کی بھی ہدایت دی جن میں حتمی فیصلے جاری کئے گئے ہیںاورحصولِ اراضی کے سلسلے میں زیر اِلتوأ کو کم سے کم وقت میںحل کرنے کی ہدایت دی۔عمل آوری ایجنسیوں سے کہا گیا کہ وہ ایس ڈی ایم کنگن اور تحصیل دار گنڈ کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ محصولات کے معاملات سے متعلق مسائل کو حل کیا جاسکے۔دریں اثنا،ضلع ترقیاتی کمشنر نے سردیوں کے لئے زیڈ مور ٹنل کی تیاری اور رابطہ سڑکوں کی مرمت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے موسم سرما کے دوران سونہ مرگ کو سیاحوں کی خاطر کھلا رکھنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں اورعمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی ہے کہ موسم سرما کے دوران ہنگامی مقاصد کے لئے 10 ؍دسمبر سے ٹنل کی ایک ٹیوب کو فعال کرنے کو یقینی بنایا جائے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے ریزان کلاں کے ان کنبوں میں 1.07 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جن کے مکانات اور دکانیں برفانی تودے کی وجہ سے تباہ ہو گئی تھیں۔میٹنگ میں ایس ڈی ایم کنگن جاوید احمد راتھر ، تحصیلدار گنڈ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این ایچ آئی ڈی سی ایل اور عمل آور ی ایجنسیو کے اہلکار نے شرکت کی۔










