سوربھ بھگت نے جیتنے والے طالب علموں کو مُبارک باد دی
سری نگر//گورنمنٹ کالج برائے خواتین ایم اے روڈ سری نگر نے محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اِشتراک سے ایک روزہ سائنس پروگرام کا اِنعقاد کیا۔تقریب میں بیماریوں کے علاج میں آرٹیفیشل اِنٹلی جنس اور جینیاتی اِنجینئرنگ کے دو موضوعات کا احاطہ کیا گیا جس کے بارے میں شہر کے مختلف کالجوں کے طلباء نے کچھ زبانی اور کچھ پوسٹر پرزنٹیشن پیش کیں۔اِس موقعہ پرکمشنر سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سوربھ بھگت مہمان خصوصی تھے۔ اُنہوں نے جیتنے والے طلباء کو حوصلہ اَفزائی کی اور مُبارک باد دی۔تقریب میں وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سری نگر پروفیسر قیوم حسین اور رجسٹرار کلسٹر یونیورسٹی سر ی نگر پروفیسر ولایت حسین رضوی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جے کے ڈی ایس ٹی ڈاکٹر ناصر شاہ اور دیگرمتعلقین نے شرکت کی۔پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین پروفیسر روحی جان نے سائنس پروگرام کے خدوخال پر روشنی ڈالی۔زبانی پرزنٹیشنز کی کارروائی شعبہ فزکس کی ڈاکٹر قدسیہ غنی اور پوسٹر پرزنٹیشنز شعبہ بائیو ٹیکنالوجی کی ڈاکٹر نازیہ خورشید نے اَنجام دیں۔ بائیو کیمسٹری کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مزمل اشرف نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔










