baramulla

اوڑی سیکٹرمیں ہفتہ کوعلی الصبح LOCپرسرحدپارسے دراندازی کی کوشش ناکام

3عدم شناخت شدہ ملی ٹنٹ ہلاک،2کی نعشیں برآمد،تیسرے کی نعش برآمدکرنے میں پاکستانی فوج کی مداخلت

اوڑی بارہمولہ//شمالی کشمیرکے سرحدی علاقے اوڑی میں ہفتہ کی صبح لائن آف کنٹرول پر سرحدپار سے دراندازی کی ایک کوشش کوناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسزنے تین عدم شناخت شدہ دراندازوں کو ہلاک کردیاجبکہ اس علاقے میں فوج اورپولیس کا مشترکہ تلاشی آپریشن جاری ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر زون پولیس نےXپرایک پوسٹ میں ہفتہ کی صبح یہ اطلاع دی کہ اوڑی کے ہتھ لنگاعلاقے میں لائن آف کنٹرول کے قریب سیکورٹی فورسزاورملی ٹنٹوں کے درمیان ایک تصادم شروع ہواہے ۔بیان کے مطابق فوج اورپولیس نے اس علاقے میں انٹلی جنس اطلاع کی بنیاد پر ہفتہ کی صبح مشترکہ آپریشن شروع کیا،جس دوران اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کیساتھ صبح کے اوقات میں دراندازی کی ایک کوشش کوناکام بنادیاگیا۔پولیس ودفاعی ذرائع نے بتایاکہ سرحدپار سے ملی ٹنٹوںکے ایک گروپ نے علی الصبح دراندازی کی کوشش کی ،لیکن پہلے سے ہی چوکنا فوجی جوانوںنے دراندازوں کیخلاف فوری کارروائی عمل لائی ،جسکے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا،اور وقفے وقفے سے ایک ایک کرکے تین دراندازوں کوہلاک کیاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ فائرنگ کاسلسلہ جاری رہنے کے بیچ مارے گئے2ملی ٹنٹوں کی نعشوں کو برآمد کیاگیاتاہم مارے گئے تیسرے ملی ٹنٹ کی نعش کو بازیاب کرانے میں پاکستانی فوج کی چوکی سے فائرنگ کرکے مداخلت کی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ تیسرے ملی ٹنٹ کی نعش کو برآمد کرنے کی کوشش کیساتھ ساتھ اس پورے سرحدی علاقے میں فوج اورپولیس نے مشترکہ تلاشی آپریشن جاری رکھاہے جبکہ مارے گئے ملی ٹنٹوںکی شناخت اورتنظیمی وابستگی سے متعلق کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس علاقے میں ابھی آپریشن جاری ہے اورمزیدتفصیلات کاانتظار ہے۔درایںاثناء فوج اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے اوڑی میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ دراندازوں نے ہفتہ کوصبح برستی بارش میں 6بجکر40منٹ پر ایل ائو سی کوعبورکرکے اسپار داخل ہونے کی کوشش کی ،تاہم الرٹ فورسزنے اُنکی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی ،اورطرفین کے درمیان 8بجکر40منٹ تک ہونے والی شدیدگولی باری کے دوران ایک درانداز ماراگیا،اور2دیگرزخمی ہوگئے ۔انہوںنے کہاکہ سیکورٹی فورسزنے دیکھاکہ زخمی دراندازوںنے اپنی پوزیشن بدل لی ہے ،جسکے بعد9بجکر 15منٹ پرایک اورکارروائی عمل میں لائی گئی ،جس دوران ایک زخمی ملی ٹنٹ ماراگیا،اوراُسکی نعش برآمد کی گئی ،جبکہ ایک اور شدیدزخمی ملی ٹنٹ ایل ائوسی کے اُسپار بھاگنے میں کامیاب ہوگیا،اوراُس کو پاکستانی فوج نے فائرنگ کرکے یہ موقعہ دیا،تاہم وہ بھی وہاں ہلاک ہوگیا۔سینئرفوجی کمانڈر نے کہاکہ دراندازوں کو پاکستانی فوج کی مکمل پشت پناہی حاصل تھی ۔انہوںنے کہاکہ دراندازوںکایہ گروپ کوئی بڑی واردت انجام دینے کیلئے آرہاتھا تاہم فوج ،جموں وکشمیر پولیس اورانتلی جنس ایجنسیوںنے اُن کایہ منصوبہ بھی ناکام بنادیا۔فوجی کمانڈر نے مزید کہاکہ جائے جھڑپ سے ایک اے کے47رائفل،ایک اے کے74رائفل،60میگزین،ایک پستول اور5کلوگرام وزنی ایک آئی ڈی کے علاوہ کچھ پاکستانی اورانڈین کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے ،اورضبط شدہ سامان وغیرہ کی تفصیلات بیان میں ظاہر کی جائیں گی۔