ویلگام ہندوارہ کے3نوعمر اسکولی طلباء پیرکی دوپہر سے لاپتہ

علاقے میں سخت تشویش ،والدین نے کرائی رپورٹ درج:پولیس

ہندوارہ//شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ویلگام ہندواڑہ علاقے میں گزشتہ 24گھنٹوں سے سخت تشویش پائی جاتی ہے ،کیونکہ پیر کی دوپہر سے3نوعمر اسکولی طلباء پُراسرار طور پرلاپتہ ہیں ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ویلگام ہندوارہ علاقے کے تین نوعمر اسکولی طلباء پیرکی دوپہر اسکول کے قریب کھیلنے کیلئے گئے تھے اورتب سے ان تینوں کاکوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔سرکاری ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ویلگام ہندوارہ کے ایک اسکول میں زیرتعلیم تین نوعمر طالب علم اس وقت لاپتہ ہوگئے جب وہ پیر کی دوپہر قریبی علاقے میں کھیلنے کے لئے نکلے تھے۔ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والے تین نابالغ طلباء کی شناخت ناظم ممتاز ولد ممتاز احمد لون ساکن پھلمرگ، فیضان حمید میر ولد عبدالحمید میر ساکن کلمونہ اور عزیر احمد ڈار ولد محمد شفیع ڈار ساکن چمپورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ لاپتہ لڑکوں کے والدین نے پولیس اسٹیشن ویلگام ہندوارہ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔اسٹیشن ہائوس آفیسر پولیس تھانہ ویلگام جان محمد نے تین نابالغ طالب علموں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی اورکہاکہ ہم نے تینوں کا سراغ لگانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے مقامی باشندوں پر زور دیا کہ اگر ان کے پاس لاپتہ ہوئے لڑکوں کے بارے میں کوئی معلومات یا سراغ ہے تو سامنے آئیں۔