سری نگر//جموں و کشمیر بینک کے حصص 8 برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے پر مقامی سطح پر صارفین خصوصا کاروباری طبقوں نے خوشی کااظہار کیا ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ جے کے بنک جس کی بساط کا بیشتر حصہ جموں وکشمیر میں ہے ،کی ترقی سب کیلئے نیک شگون ہے ۔صارفین جن میں کاروباری افراد کی زیادہ تعداد شامل ہے ،نے ٹی ای این کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ جے کے بنک ہمارا مالی ادارہ ہے اور اس ادارے کی ترقی سے سب خوش ہیں ۔بازار حصص میں تیزی کے ساتھ ترقی کرنا اس ادارے کی نمو اور ترقی کی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس ترقی کا لازمی حصہ یہاں کے صارفین کو بھی ملے گا ۔واضح رہے کہا گذشتہ روز نٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (NSE) پر100.80 روپے فی شیئر پر بند ہونے سے پہلے بینک کے حصص 103.50 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ یہ اگست2015 کے بعد جموں اور کشمیر بینک کے حصص کی بلند ترین سطح ہے۔جموں و کشمیر بینک کے جنرل منیجر بلدیو پرکاش نے کہا کہ بینک نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے پچھلے مالی سال میں 1,197 کروڑ روپے کا سب سے زیادہ منافع حاصل کرنے اور 3 لاکھ کروڑ روپے کا کاروبار کرنے کے ہدف سے تجاوز کرنے پر بینک ملازمین کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔










