سری نگر//وادی میں قصبوں کی خوبصورتی کا خیال اس وقت زور پکڑ رہا ہے جب اِنتظامیہ فٹ پاتھوں کی اَز سر نو تعمیر ، بجلی کھمبوں کی سیدھ، عمارتوں کے اگواڑے کو بڑھانے ، سڑکوں کی لائننگ ، بصری آلودگی کو دورکرنے اور پارکوں کی دیکھ ریکھ زور دے رہی ہے۔صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے قصبوں کی خوبصورتی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے آج ضلع ترقیاتی کمشنروں اور مختلف محکموں کے سربراہان کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں اُنہوں نے قصبوں کی تشکیل کے لئے اُٹھائے جانے والے اَقدامات کے لئے متعدد ہدایات دیں۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ 30؍ ستمبر تک زیادہ تر کام مکمل کرلیں تاکہ شہر پُر کشش اور دِلکش بن جائیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ تخلیقی صلاحیتوں کی مختلف اقدامات سے خوبصورتی کے لئے پُر عزم ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کو اَپنے اَپنے علاقوں میں جاری بیوٹیفکیشن اور رِی ڈیولپمنٹ کاموں کے بارے میں جانکاری دی۔










