طویل خشک سالی :سیب کی مقدارا ورمعیارپر منفی اثرات مرتب

حکومتCگریڈ مال خریدنے کیلئے MISاسکیم کو لاگو کرے :فیاض ملک کی اپیل

سری نگر//غیرمتوقع بارشوں ،شدید ژالہ باری اور طویل خشک موسمی صورتحال نے امسال بھی کشمیر کی میوہ صنعت کیلئے خطرات پیداکردئیے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق تجربہ کار پھل کاشتکار اور باغبانی کے ماہرین کامانناہے کہ اگر اگلے ایک یا2ہفتوں کے دوران معقول مقدارمیں بارش نہ ہوئی ،تو درختوں پرموجود سیب کی فصل کو سنگین خطرہ لاحق ہوگا۔دی کشمیر فروٹ گروئورس اینڈڈیلرس فروٹ منڈی ایپل ٹائون سوپور کے نومنتخب صدر فیاض احمد ملک المعروف کاکہ جی نے کہاکہ امسال ناسازگار موسمی صورتحال بشمول غیر متوقع تیز بارشوں اورژالہ باری کی وجہ سے سیب کی تقریباً30فیصد پیداوار یا فصل کو نقصان پہنچا۔انہوںنے کہاکہ رواں خشک سالی کی وجہ سے پہلے ہی 20فیصدمیوہ جات کو ضرر پہنچاہے ۔کیونکہ بارش نہ ہونے سے سیب کے سائز اور رنگ پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔سرکردہ پھل کاشتکار اورتاجر فیاض احمد ملک ،جو حال ہی ہوئے انتخابات میں فروٹ منڈی سوپور سے وابستہ پھل تاجروں وکاشتکاروںکی ایسوسی ایشن کے دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ،اور منگل کو عہدے کاحلف لیا،نے کہاکہ میوہ دار درختوں پرموجود 50سے60فیصد سیب کے مختلف اقسام کی پیداوار ،معیار اور رنگت کا دارومدار موسمی صورتحال پر ہے ۔انہوںنے کہاکہ خشک سالی نے میوہ صنعت اوراسے جڑے باغ مالکان اور پھل تاجروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ۔رواں خشک وگرم موسمی صورتحال کو میوہ صنعت کے لئے ناموافق قرار دیتے ہوئے دی کشمیر فروٹ گروئورس اینڈڈیلرس فروٹ منڈی ایپل ٹائون سوپور کے نومنتخب صدر فیاض احمد ملک نے کہاکہ کشمیرمیں لاکھوں لوگ بالواسطہ یابلاواسطہ طور پر میوہ صنعت سے جڑے ہوئے ہیں ،اوراگر ناموافق موسمی صورتحال جاری رہی ،تو لاکھوں لوگوںکی محنت اور اُمیدوں پر اللہ نہ کرے پانی پھر جائے گا۔فیاض ملک عرف کاکہ جی نے حکومت سے کشمیرمیں MISیعنی مارکیٹ میں مداخلت کی اسکیم دوبارہ لاگو کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگر باغات میں ہی سیب کاCگریڈ مال 25روپے فی کلومیں خریدجائے ،تو مالکان باغات اور پھل کاشتکاروتاجر اس گریڈ کے سیبوںکی بھرائی اور ٹرانسپورٹریشن کے اضافی اخراجات سے بچ جائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیرمیں کم وبیش3جوس فیکٹریاں موجود ہیں ،اور اگر حکومت مالکان باغات سے تیسرے درجے کے سیب خریدے گی ،تو حکومت کوکوئی نقصان نہیں ہوگا،جبکہ MISاسکیم پرعمل درآمد سے مالکان باغات اور پھل تاجر غیر ضروری اخراجات سے بچ جائیں گی ۔ادھرسری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے پیرکویہ واضح کیاکہ کشمیر خطے میں مستقبل قریب میں بڑے پیمانے پر بارشوںکاکوئی امکان نظر نہیں آتاہے ۔ماہرموسمیات ڈاکٹر مختار نے فون پر بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات کہیں کہیں بونداباندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے ،لیکن خشک موسم کے چلتے گرمی کی شدت اور رطوبت برقرار رہے گی ۔محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹرنے مزیدکہاکہ10اور11ستمبر کو جموں وکشمیر خصوصاً کشمیر وادی میں کچھ مخصوص مقامات پر ہلکی بارش ہونے کاامکان ہے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیر خطے میں مستقبل قریب میں بڑے پیمانے پر بارشوںکاکوئی آثار نظر نہیں آتے ہیں ۔ڈاکٹر مختار نے کہاکہ13،14اور15ستمبر کے دوران کہیں کہیں یا بہت سارے علاقوں یا مقامات پر بارش ہونے کاامکان ہے ،تاہم فی الوقت یہ کہنا مشکل ہے کہ کتنی مقدار میں بارش ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کشمیرمیں خشک موسم کے چلتے گرمی کی شدت اور رطوبت برقرار رہنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ لوگوںنے گرمی کے رواں موسم میں نقل وحمل کے دوران احتیاط برتنی چاہئے ۔