لیفٹیننٹ گورنر نے 2020 ء میں شوپیان میں مارے گئے تین شہریوں کے لواحقین کو تقرری نامے سونپے

ایس آر او ۔43 کے تحت تقرری نامہ 2022ء میں اودھمپور میں ایک آئی اِی ڈی دھماکے میں مارے گئے شہری کی بیوی کو دیا گیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جولائی 2020ء میں شوپیان میں مارے گئے تین شہریوں کے لواحقین کو تقرری نامے سونپے۔ہمدردی کی بنیاد پر تقرری نامے محترمہ شیرین اختر زوجہ محمد ابرارساکنہ ترکاسی کوترنکا راجوری ، محمد عارف برادر محمد امتیاز ساکن دھر سکری کوترنکا راجوری اور فریاز احمد برادر محمد ابرار ساکن کوترنکا راجوری کے حوالے کئے گئے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایس آر او ۔43 کے تحت تقرری نامہ شریمتی نیتا دیوی کو بھی سونپا جوڈھنڈال رام نگر اودھمپور کے چگر کمار کی بیوہ ہیں جو 2022ء میں اودھمپور میں ایک آئی اِی ڈی دھماکے میں مارے گئے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہلاک ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے بات چیت کی اور مستقبل میں اِنتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دِلایا۔ اِس موقعہ پر اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ اور صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار بھی موجود تھے۔