سری نگر//بھارت سمیت دنیا بھرمیں رہنے والے کروڑوں ہندئووںنے بدھ کو بھائی بہن کے مقدس و خوبصورت رشتے کی یادمیں منایا جانے والا تہوار’رکھشابندھن ‘جوش وخروش کیساتھ منایا۔جموں وکشمیر میں بھی یہ تہوار پورے جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق رکھشابندھن یاراکھی کاتہوار ہندئوبرادری کے اہم تہواروںمیں سے ایک ماناجاتاہے۔یہ بھائی بہن کے مقدس،خوبصورت اوراٹوٹ رشتے کا تہوار ہے ،جس کو دنیا بھرمیں ہندوبرادری جوش وخروش کیساتھ مناتی ہے ۔اس موقعہ پر بہنیں اپنے بھائیوںکی کلائیوں پرراکھی باندھ کراُ نکی صحت ،عمردرازی اورکامیابی کیلئے دعائیں کرتی ہیں،اور بھائی اپنی بہنوں کو خوشگوار اورمحفوظ زندگی کیلئے آشیرواد دینے کیساتھ حسب مقدورتحائف پیش کرتے ہیں ۔رکھشابندھن کے روز ہندئو گھرانوںمیںدیا،چاول اورراکھیوں سے سجی تھالیاں تیارکی جاتی ہیں ۔بدھ کو صبح سے ہی بہنوںنے اپنے بھائیوںکی کلائیوں پرراکھیاں باندھیں ،اورجولوگ گھروں سے دورتھے ،اُن کوبہنوںکی جانب سے بھیجی گئی راکھیاں موصول ہوئیں اورانہوں نے بہنوںکی حفاظت کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے بہنوںکی جانب سے باندھی گئی راکھیاں اپنی کلائیوں پر باندھ لیں۔سری نگرسمیت پورے کشمیرمیں منگل کو شام دیر گئے پٹاخے سر کئے جانے کیساتھ ہی ہندئو برادری کے لوگوںنے رکھشا بندھن کی مناسبت سے اپنی خوشی ،بہنوںکے تئیں محبت اور بہنوں کی حفاظت کے عزم کااظہار کیا ۔بدھ کی صبح بازاروں اور دیگرعوامی مقامات پر ہندئو برادری کے لوگوں کو کلائیوں پرراکھی باندھے دیکھاگیا ،اور اس سلسلے میں مندروںمیں بھی خصوصی پوجاپاٹ کی گئی ،اور سینکڑوں لوگوںنے مندروںمیں بھی حاضری دی ۔اس دوران ایس او ایس چلڈرن ولیج آف انڈیا، سری نگر کے بچوں نے یہاں ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کے ساتھ رکھشا بندھن منایا۔خاندانی مضبوطی کے پروگرام کے تین کلسٹروں کے چھ بچوں نے تین نگہداشت کرنے والوں اور پروگرام کے دو افراد کے ساتھ ڈویڑنل کمشنر کشمیر سے اپنی محبت کی راکھی باندھی۔اس موقع پر، ڈویڑنل کمشنر کشمیر نے بچوں کے ساتھ مٹھائیاں اور خوشگوار لمحات کا اشتراک کیا اور ان کے خوشحال اور امید افزا مستقبل کی خواہش کی۔ ایس او ایس چلڈرن ولیج آف انڈیا، ایک این جی او ہے جو کم مراعات یافتہ بچوں اور کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔










