ٹائیگور ہال سرینگر میں حسینی مشاعرہ کا اہتمام،شعرائے کرام نے شہدائے کربلاکو عقیدت کا نذرانہ کیا پیش
سرینگر// بزم ادب اننت ناگ کشمیر اور بزم ادب و ثقافت سرینگر کے باہمی اشتراک سے مورخہ 20اگست اتوار کو ٹیگور ہال سرینگر میں ایک حسینی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔مشاعرہ میں وادی کشمیر کے سبھی اضلاع سے آئے ہوئے شعراء وشاعرات نے شرکت کی ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ تفصیلات کے مطابق مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر وادیب عبدالرحمن فداء نے کی جبکہ معروف بزرگ شاعر منیر سرائبلی، عبدالاحد دلبر، ایوب صابر اور یاسین دریگامی ایوان صدارت میں موجودتھے۔ مشاعرہ میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے نامور شعرائے کرام نے شرکت کی۔مشاعرہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت جانثار کشمیری کو حاصل ہوئی اور نعت رسول مقبول ؐ پیش کرنے کی سعادت وسیم علی کاظم نے حاصل ہوئی۔مہمان شعراء و شاعرات کا استقبال معروف قلمکا ر اور اداکار گلفام بارجی نے کیا۔اس روح پرور حسینی مشاعرے میں جن شعراء اور شاعرات نے اپنے کلام پیش کرکے امام عالی مقام ؓاور دیگر شہدائے کربلا کو نذرانہ عقیدت پیش کیا ان میں ڈاکٹر شیدا حسین شیدا، جانثار کشمیری، ریاض احمد ریاض، محی الدین حامد، میر نثار حسین نثار، وسیم علی کاظم، اکرم صدیقی، عنایت اللہ راہی،خورشید کشمیری۔سید مسعود ہاشم۔ محمد شفیع خان،غلام حسن شبنم، محمد افضل ہاشمی،ساحل احمد ڈار، انجینئر عبدالمجید شہباز، ریحانہ کوثر، شمیمہ اعجاز اور روشن آراء قابل ذکر ہیں۔ اس مشاعرے میں کئی مقامی روزناموں کے مدیران ونمائندے بھی شریک ہوئے جن میں روزنامہ تعمیل ارشاد کے ناظم نذیر ،شوکت سلام قابل ذکر ہیں۔ تعمیل ارشاد کے مدیر ناظم نظیر نے عقیدتی ادب اور واقعہ کربلا پر مختصر روشنی ڈالی اور ادبی تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی اپیل کی اور بزم شعر و ادب اننت ناگ کی ادبی خدمات پر ان کی سراہنا کی ۔ بزم ادب و ثقافت سرینگر کے سرپرست اعلیٰ میر شفاعت شیدا نے اپنی ادبی انجمن کی طرف سے محمد نعیم خان، شاہ میم اور ساحل احمد ڈار کو ان کی ادب کے تئیں بہترین خدمات کے لئے انہیں توصیفی اسناد سے نوازا۔اس مشاعرے کے نظامت کار شاہ میم احمد تھے مشاعرے کے آخر پر بزم ادب اننت ناگ کشمیر کے سرپرست اعلیٰ نعیم احمد خان نے تمام مہمان شعراء و شاعرات کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے امام حسین عالی مقام ؓ کی شخصیت اور واقعہ کربلا سے متعلق تاریخی پس منظر میں روشنی ڈالی ۔










