arrest

بارہمولہ پولیس کی منشیات اسمگلروں کیخلاف مہم

5انتہائی مطلوب وعادی ملزمان گرفتار ،پانچوں سنٹرل جیل کوٹ بلوال جیل جموں منتقل

بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے منشیات اسمگلروں وسپلائروں کیخلاف مہم جاری رکھتے ہوئے5انتہائی مطلوب اور عادی منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لاکراُنھیں PIT-NDPSایکٹ کے تحت سنٹرل جیل کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کردیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے کہاکہ بارہمولہ پولیس نے5 انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ منشیات کے اسمگلروں گلزار احمد گنائی ساکنہ چجھامہ رفیع آباد، لڈورہ رفیع آباد کے محی الدین ڈار، وحید سلطان گنائی ساکنہ شیرپورہ پٹن، اعجاز احمد گوجری ساکنہ ملپورہ پٹن اور عتیق اللہ لون ساکنہ تجر شریف سوپورکو منشیات فروشی سے باز نہ آنے اوراپنی سرگرمیوںمیں کوئی بہتری نہ لانے کے بعد گرفتار کیا ،اور PIT-NDPSایکٹ کے تحت مجاز اتھارٹی سے باضابطہ نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے بعدپانچوں کو سنٹرل جیل کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا ،جہاں وہ زیرحراست ہیں۔پولیس نے بتایاکہ قابل ذکر ہے کہ ان منشیات اسمگلروں کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں اور وہ رفیع آباد، لڈورہ، چکلو، بنیر، جانباز پورہ، شیر پورہ پٹن، ملپورہ پٹن اور ضلع بارہمولہ کے دیگر علاقوں کے مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کرکے منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے میں ملوث تھے۔ بہت سی ایف آئی آر میں ملوث ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی سرگرمیوں کو درست نہیں کیا اور مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کر کے منشیات کے استعمال کو فروغ دینے میں دوبارہ ملوث ہو گئے۔بارہمولہ کے عام لوگوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کے کردار کو سراہا۔ بارہمولہ پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں سے کمیونٹی کے افراد کو یقین دلانا چاہیے کہ بارہمولہ پولیس ہمارے معاشرے کو منشیات کے استعمال سے پاک رکھنے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔