dr sehrish asgar

کوشش انسانوںکے اپنے ہاتھوں میں ہے ،اورکامیابی یا ناکامی اللہ تعالیٰ کے ہاتھوں میںہے:ڈاکٹر سحرس اصغر

بارہمولہ //ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیدسحرش اصغر نے منگل کے روز تعلیم یافتہ نوجوانوںکو وہ مشورہ دیاہے کہ وہ سرکاری ملازمتوںکے انتظار میں اپنے اہلیت اورصلاحیت کو فراموش نہ کریں ،بلکہ اپنے لئے روزگار کے متبادل راستے تلاش کرکے خود بھی معاشی طور خوشحالی پائیں ،اور دوسروں کیلئے بھی ذرائع معاش کاوسیلہ بنیں ۔جے کے این ایس نمائندے کے مطابق یہاں ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں تاجران کی تنظیم بیوپار منڈل بارہمولہ کے نومنتخب صدر انجینئر طارق احمد مغلو اور جنرل سیکرٹری فاروق احمد کنرئو کی حلف برداری کیلئے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب کاآغاز ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سحرش اصغر نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے فکرآموز مشہور شعر’عقابی رُوح جب بیدا ہوتی ہے جوانوںمیں نظرآتی ہے اُن کواپنی منزل آسمانوںمیں ‘کیا۔انہوںنے خطاب کے آغازمیں یہاں موجود مہمانان ذی وقار ایس ایس پی بارہمولہ ،نومنتخب ٹریڈ لیڈروں،دیگر معززین اور جملہ تاجر برادری نیز میڈیا نمائندوں کو سلام پیش کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیدسحرش اصغر نے کہاکہ تجارت ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے ،اسلئے اس میں برکت بھی ہے اوروسعت بھی ۔انہوںنے بیوپار منڈل بارہمولہ کے نومنتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کومبارکباد پیش کی اور ٹریڈ لیڈروں سے کہاکہ وہ اپنے ساتھ اُن تعلیم یافتہ نوجوانوںکو بھی جوڑیں ،جو تعلیم مکمل کرنے کے بعد سرکاری ملازمتوں کے انتظار میں ہیں ۔ڈاکٹر سحرش اصغر نے کہاکہ کوشش انسانوںکے اپنے ہاتھوں میں ہے ،اورکامیابی یا ناکامی اللہ تعالیٰ کے ہاتھوں میں ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم سب کسی نہ کسی لحاظ سے کوشش کرتے ہیں ،اور ہمیں کہیں کامیابی ملتی ہے اور کہیں ناکامی کاسامنا کرنا پڑتا ہے ،لیکن اس کا قطعی یہ مطلب نہیں کہ ہم کوشش کرنا چھوڑ دیں ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے اہلیان ِبارہمولہ کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ لوگوںکی جانب سے دی گئی تعظیم وتکریم کی مشکور ہوں ۔انہوںنے MBAاور دوسری اعلیٰ ڈگریاں مکمل کرکے گھروںمیں بیٹھے نوجوانوںکو محض سرکاری ملازمتوں کاانتظار کرکے اپنی اہلیتوں ،صلاحیتوں اور ہنروںکوضائع نہیں کرنا چاہئے ،بلکہ انھیں اپنے لئے متبادل اور باوقار ذرائع معاش تلاش کرنے چاہیں تاکہ وہ خود معاشی طور پرخوشحال بننے کیساتھ ساتھ دوسرے بے رو ز گار کیلئے بھی روزگارکاوسیلہ بن سکیں ۔انہوںنے تقریب میں موجود ٹریڈروں اوراُن کے لیڈروں سے کہاکہ وہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں ،تاکہ ایسے نوجوان منشیات جیسی کسی غلط لت کاشکار نہ ہوں ۔ ڈاکٹر سیدسحرش اصغر نے کہاکہ ایل جی انتظامیہ کی پالیسی ہے کہ سماج کے آخری یعنی کمزور ترین شخص تک پہنچا جائے ،تاکہ سما ج میں ہر سطح پر معاشی ومالی بدحالی کا قلع قمع ہوسکے ۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کے ذمہ دارصرف اپنی تعریفیں سن کر خوش نہیں ہوتے ،بلکہ میں ذاتی طور پرآپ سب سے کہناچاہوں گی کہ اگر ہم سے کہیںکوئی کوتاہی ہوتی ہے تو اسکی نشاندہی کریں ،ہم پر تنقید برائے تعمیر کریں ،تاکہ ہم اپنے کام میں مزید بہتری اور نکھار لاسکیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیدسحرش اصغر نے کہاکہ بارہمولہ پولیس نے منشیات فروشوںکیخلاف جو مہم چھیڑ رکھی ہے ،اُس کامقصد نوجوانوں کو اس تباہی والے راستے سے بچانا ہے اوراس مقصد کو ہم مل جلکر ہی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بارہمولہ انتظامیہ سماج کے سبھی طبقوں اورحلقوں کی ہرممکنہ مددکیلئے تیار ہے ۔