سیکرٹری صحت نے اودھمپور کا دورہ کیا او رجاری منصوبوں کے کام کا جائزہ لیا

اودھمپور//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے آج ضلع اودھمپور کا تفصیلی دورہ کیا او راُنہوں نے وہاں نئے سرکاری میڈیکل کالج کی تعمیر سمیت ضلع کے جاری بڑے منصوبوں کے کام کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران سیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر سچن کمار واشیا، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو میڈیکل کالجز ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایچ اینڈ ایم اِی، چیف میڈیکل آفیسر کے علاوہ عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران بھی تھے۔بھوپندر کما رنے 200بستروں والے ضلع ہسپتال کی تعمیراتی جگہوں ، جی ایم سی اودھمپور کی شفٹ بلڈنگ اور لائبریری کا دورہ کیا اور وہاں جاری تمام کاموں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری موصوف نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ اِن منصوبوں پر کا م کی رفتار کو تیز کریں اور اِضافی اَفرادی قوت کی تعیناتی اور تعمیراتی مقامات پر شفٹوں کی تعداد میں اِضافہ کرتے ہوئے اُنہیں مقررہ مدت کے اَندر مکمل کریں۔اُنہوں نے پرنسپل جی ایم سی اودھمپور کو بھی ہدایت دی کہ وہ پیش رفت کی نگرانی کریں اور اِن پروجیکٹوں کی ہموار او ربغیر کسی رُکاوٹ کے تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ اُنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ جی ایم سی کی عارضی کالج کی عمارت کو ہر لحاظ سے 15 ؍ اگست کی دی گئی ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ کالج ستمبر میں ایم بی بی ایس کے طلباء کا پہلا بیچ حاصل کرنے کے لئے تیار ہو۔بعد میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے جی ایم سی اودھمپور کے اَفسران اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں زور دیا گیا کہ وہ مریضوں کی دیکھ ریکھ کو بنیادی طور پر رکھتے ہوئے اَپنی خدمات اِنتہائی احتیاط ، شفقت اور پیشہ ورانہ دیانت کے ساتھ اَنجام دیں ۔اُنہوں نے مختلف سکیموں سے عوامی خدمات کو فراہمی کو بہتر بنانے اور محکمہ صحت وطبی تعلیم کے تازہ ترین آن لائن اقدامات سے فائدہ اُٹھانے کے لئے طبی کمیونٹی کو متاثر کیا۔اِس دوران سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے بوائز ہوسٹل کی عمارت کی تعمیراتی جگہ کا بھی دورہ کیا او رکام کی جاری رفتار کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مناسب سہولیات اور رہائش گاہوں کی بروقت تکمیل کے لئے کام کی پیش رفت کو تیز کریں تاکہ طلباء کو سہولیت میسر ہو۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم کے ہمراہ ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو میڈیکل کالجز ،جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایچ اینڈ ایم اِی ، چیف میڈیکل آفیسر اور دیگر اَفسران اور دیگر متعلقین بھی تھے۔