کمشنر سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے ’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘ کے پندرہ روزہ تقریب کا اِفتتاح کیا

سری نگر//کمشنر سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رشمی سنگھ نے آج ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کمپلیکس سولنہ سری نگر میں 76ویں یوم آزادی کی تقریبات کے حصے کے طور پر ’’ میری مٹی میرا دیش ‘‘ کے موضوع پر ’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘ کے پندرہ روزہ تقریب کا اِفتتاح کیا۔اِس تقریب میں ایڈیشنل کمشنر سٹیٹ ٹیکسز کشمیر شکیل مقبول یتو ،ڈی سی انفورسمنٹ ( سینٹرل) پرویز احمد رینہ ، ڈی سی اپیل اوّل اور دوم، ڈی سی ریکوری ، اسسٹنٹ کمشنروں ، سٹیٹ ٹیکسز اَفسران اور محکمہ کے دیگر عمل نے شرکت کی۔پندرہ روزہ پروگرام کامقصد 76 ویں یوم آزادی کی یاد منانا اور شہریوں میں اِتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔کمشنر سٹیٹ ٹیکسز نے اِفتتاحی تقریب میں یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اَفسروں کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تقریبات کے لئے مختلف ثقافتی ، سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اِن سرگرمیوں میں سوچھتا ابھیان، دودھ گنگا میں بحالی مہم ، نیل ناگ میں صفائی مہم، جی ایس ٹی بیداری مہم، بے ترتیب کان کنی اور اینٹوں کے بھٹوں کے لوگوں کی زندگی پر اَثرات اور اِس کے نتیجے میں ٹیکس کی آمدنی کا نقصان کے موضوع پر خاکے ، ترنگا کے ساتھ سیلفی ، شجرکاری، ڈرائیو ( ورکشروپن ابھیان) ، دیرپا ترقی کے مسئلہ پر سمینار اور فوٹو ایگزبشن شامل ہیں۔پندرہ روزہ طویل تقریبات کا اِختتام 15؍ اگست کو یوم آزادی کے موقعہ پر اِی اینڈ ٹی کمپلیکس سولنہ میں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہوگا اور اِس کے بعد سال بھر میں محکمہ کے اَقدامات کو اُجاگر کرنے والی دستاویزی فلم کی نمائش ہوگی۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ محکمہ سٹیٹ ٹیکسز محکمہ کان کنی کے تعاون سے ان سرگرمیوں کااِنعقاد کر رہا ہے ۔ ڈاکٹر رشمی سنگھ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹری کان کنی محکمہ جموںوکشمیر کا چارج بھی سنبھالی ہوئی ہیں۔ کمشنر سٹیٹ ٹیکسز نے جی ایس ٹی ہفتہ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر محکمہ کی طرف سے اُٹھائے گئے اَقدامات کا ایک مجموعہ بھی جاری کیا۔