rain

ہفتہ کو علی الصبح جموں اور کشمیرکے متعدد علاقوںمیں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش

رواں ماہ کے آخرتک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کاامکان:محکمہ موسمیات

سری نگر//جموں وکشمیرمیں جاری دگرگوں موسمی صورتحال کے چلتے ہفتہ کوعلی لصبح سری نگر سمیت وادی کے متعدد علاقوں میں درمیانہ درجے کی بارش ہوئی ،اوراس دوران گاندربل کے ایک مضافاتی پہاڑی گائوں گجرپتی پرنگ میں بادل پھٹنے سے آئے ایک سیلابی ریلے کی وجہ سے کئی مکانات،اسکول اورایک مسجد شریف کو نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے آخرتک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرمیں اس دوران مخصوص مقامات پرگرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کاامکان ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ہفتہ کی صبح نماز فجر کے وقت سری نگرسمیت وسطی کشمیر کے کئی علاقوں ،بارہمولہ ،سوپور اور شمالی کشمیرکے دیگر کئی علاقوںمیں درمیانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ،جوکہیں صبح 7بجے اور کہیں کہیں آٹھ یانو بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔تاہم اسکے بعدموسم بہتر ہوا،اور بعدازاں پورے کشمیرمیں دن بھردھوپ چھائی رہی ۔تاہم ہفتہ کی صبح مختلف علاقوںمیں بارشیں ہونے کے بیچ گاندربل ضلع کے ایک پہاڑی گاؤں میں بادل پھٹنے سے کئی مکانات، مسجد کو نقصان پہنچا۔معلوم ہواکہ وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے گجر پتی پرنگ میں سنیچر کی صبح بادل پھٹنے سے کئی رہائشی مکانات، اسکول اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ علاقے میں شدید بارش کے بعد گوجر پتی پرنگ میں بادل پھٹ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں متعدد رہائشی مکانات، ایک سرکاری اسکول اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم اور تحصیلدار کنگن، افسران نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے متاثرہ گائوںکا دورہ کیا۔دریں اثناء جموں و کشمیر میں مزید بارش ہوئی یہاں تک کہ محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز اگلے24 گھنٹوں کے دوران کافی وسیع پیمانے پرگرج چمک کیساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں اس دوران مخصوص مقامات پرگرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کاامکان ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہفتہ کی صبح ساڑھے8بجے تک سری نگر میں 11.7 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 1.2 ملی میٹر، پہلگام میں 8.1 ملی میٹر، کپواڑہ میں8.8 ملی میٹر، کوکرناگ میں2.4 ملی میٹر، گلمرگ میں 7.2 ملی میٹر، جموں میں 33.8 ملی میٹر، بانہال میں1.1 ملی میٹر ،کٹرا 19.6 ملی میٹر، اور بھدرواہ 9.8 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔