amarnat yatra

62روزہ امرناتھ یاترا 2023 کے 28دن مکمل

یاتریوں کی آمد،2022کاریکارڈ ٹوٹ گیا،یاتراکے34دن باقی، تعداد5لاکھ تک پہنچنے کی اُمید

سری نگر//62روزہ امرناتھ یاترا کے27دن مکمل ہونے پر یاتریوںکی آمد وگھپا میں حاضری کا سال2022 کاریکارڈ ٹوٹ گیا،کیونکہ جمعرات کی شام تک 3لاکھ69ہزار288یاتریوںنے امرناتھ گھپا میں حاضری دی ،اور یہ تعدادسال2022سے زیادہ ہے ،جب کل3لاکھ65ہزار751یاتریوںنے شیو لنگم کا درشن کیاتھا۔قابل ذکر ہے کہ حکومت نے اُمید ظاہر کی ہے کہ امسال امر ناتھ یاترامیں شرکت کیلئے آنے والے یاتریوںکی تعدادریکارڈ5لاکھ سے تجاوز کرجائیگی ۔جے کے این ایس کے مطابق اس دوران یاترا کے28ویں روز امرناتھ گھپا میں پورے دن مزید10ہزار سے زیادہ یاتریوںنے حاضری دی ،اور یوں 62روزہ سالانہ یاترا کے28دنوں میں امرناتھ گھپا میں حاضری دینے والے یاتریوںکی تعداد3لاکھ80ہزار سے تجاوز کر گئی ۔اُدھر بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے جمعہ کی صبح2100سے زیادہ یاتری 2الگ الگ قافلوںمیں کشمیرکی جانب روانہ ہوئے ۔37گاڑیوںمیں سوار753یاتری بال تل اور باقی1402یاتری 58گاڑیوںمیں پہلگام کی جانب سخت سیکورٹی بندوبست کیساتھ روانہ ہوئے ۔جمعہ کی صبح جموں سے کشمیرروانہ ہونے والے یاتریوںمیں1660مرداور443خواتین شامل ہیں ۔حکام نے بتایاکہ29جون کو پہلا قافلہ روانہ ہونے کے بعد سے ابتک جموں بیس کیمپ سے کل ایک لاکھ 35ہزار سے زیادہ امرناتھ یاتری کشمیر روانہ ہوئے ہیں ،جن میں ہزاروں مردوزن ،بچے اور سادھو نیزسادھویاں بھی شامل ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ سطح سمندر سے3880میٹر بلندی پرواقع امرناتھ گھپا میں امسال یاترا31اگست کواختتام پذیر ہوگی ،اور ابھی 34دن باقی ہونے کی وجہ سے یہاں حاضری کیلئے پہنچنے والے یاتریوںکی تعداد حکومتی اُمید کے مطابق 5لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے ۔