13اگست تک نظرثانی،25اگست کوفہرستوں کی حتمی اشاعت: چیف الیکٹورل آفیسر
سری نگر//رواں سال کے اواخر یا اگلے سال کے اوائل میں طے شدہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے بطور جموں وکشمیرمیںیکم اگست2023سے انتخابی فہرستوں کی خلاصہ نظرثانی عمل میں لائی جائے گی ،اوراس سلسلے میں چیف الیکٹورل آفیسر نے ہدایات جاری کردی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق جموںوکشمیرمیںبلدیاتی اور پنچایتی اداروں کی میعادرواں سال ماہ اکتوبر ،نومبرمیں مکمل ہورہی ہے،اور دونوں اداروں کیلئے میونسپل کونسلروں ،پنچوں اور سرپنچوں کاانتخاب عمل میں لانے کیلئے طے شدہ انتخابات رواں سال کے اواخر یا اگلے سال کے اوائل میں متوقع ہیں ۔معلوم ہواکہ چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر کی ہدایت کے مطابق سری نگراورجموںکی میونسپل کارپوریشنوں نیز دیگر میونسپل اداروں کے تمام وارڈوں میں یکم اگست 2023سے انتخابی فہرستوں پر سمری یعنی خلاصہ نظرثانی کا عمل شروع کیاجارہاہے ۔دونوںکارپوریشنوں اور دیگر بلدیاتی اداروںکی5سالہ مدت یا میعاد نومبر2023میں مکمل ہونے والی ہے ،کیونکہ جموں وکشمیرمیںمیونسپل انتخابات آخری مرتبہ ستمبر اکتوبر2018میں کرائے گئے تھے ۔چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیرنے سری نگراورجموں کی میونسپل کارپوریشنوں میں انتخابی فہرستوں پرسمری نظرثانی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ عمل یکم اگست2023سے شروع کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ مسودہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کی تاریخ یکم اگست2023مقرر کی گئی ہے ،اوراس سلسلے میں دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت یکم اگست سے13اگست تک ہوگی ۔جبکہ انتخابی فہرستوںکی حتمی اشاعت کیلئے25اگست کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ادھرجموں و کشمیر میں اکتوبرنومبر20233 میں پنچایتی انتخابات کرانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے ذریعے4191 پنچایتوں میں پنچوں اورسرپنچوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔پنچایتی الیکشن کی تیاریاں جاری ہونے کااعلان ریاستی الیکشن کمشنر بی آر شرما نے چندروزقبل ایک چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں کیا ۔بی آر شرما نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں ترمیم کا عمل تقریباً پورا کرلیا گیا ہے اور ضرورت پڑی تو یہ خاص عمل پھر سے دوہرایا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری پوری کوشش رہے گی کہ انتخابات میں کوئی بھی ووٹر چھوٹے نہیں، جو چھوٹ گئے ہیں انہیں دوبارہ فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ معیاد کے حساب سے 2023 کے آخر یا 2024 کے اوائل میں پنچایت الیکشن کروائے جانے ہیں۔










