بروقت اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر کی اَفسران کو ہدایت
بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کی طبعی اور مالیاتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس کمپلیکس میں متعلقہ اَفسران کی ایک میٹنگ منعقد کی ۔چیئر کو مختلف کاموں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا او راس کے علاوہ مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں بشمول سی ایس آر کے نفاذ کے بارے میں ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے کاموں کی سیکٹروار پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ کاموں کا تخمینہ لگانے ، ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کریں تاکہ تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت میں مکمل ہوسکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے موقعہ پر ہی متعلقہ محکمو ں کے اَفسروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ کوالٹی تصریحات پر سختی سے عمل کریں اور کام کے معیار کی کڑی نگرانی کو یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ مقررہ وقت کے اَندر اہداف حاصل کرنے کے لئے اَپنی پوری کوشش کریں۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایم یوسف راتھر، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت گلزار احمد خان، چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ ، چیف ہارٹی کلچر آفیسر ، آر اینڈ بی اور پی ایچ اِی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران نے شرکت کی۔










