چیئرپرسن ڈی ڈی سی اور ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے ڈب گاندربل میں محرم الحرام کے اِنتظامات کا معائینہ کیا

گاندربل//چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل ( ڈی ڈی سی ) گاندربل نزہت اَشفاق اور ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج ڈب گاندربل کادورہ کیا تاکہ وہاں محرم الحرام کے اِنتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے اِمام بارگاہ ڈب کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے ایام میں مجالس اور ماتمی جلوسوں کے احسن طریقے سے اِنعقاد کے لئے کئے گئے ضروری اِنتظامات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اِمام بارگاہ انتظامیہ کمیٹی سے بات چیت کی اور ان کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف محکموں کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلوم کیا اور مقامی لوگوں نے اُنہیں ہیلتھ کیئر ، سٹریٹ لائٹس ، صفائی ستھرائی اور دیگر مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائے گئے مسائل کے مؤثر اِنتظام کے لئے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مسائل کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لائن ڈیپارٹمنٹوں کو پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اَپنے محکموں سے متعلقہ تمام اِنتظامات کو یقینی بنائیں جہاں محرم الحرام کے ایام میں مرکزی مجالس اور جلوس نکالے جاتے ہیں۔اِس موقعہ پرایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مشتاق احمد سمنانی ، تحصیل دار واکورہ ،چیف میڈیکل آفیسر گاندربل ،چیئرپرسن بی ڈی سی واکورہ او ردیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔