فاریسٹر اور کیجول لیبر گولیاں لگنے سے زخمی ,واقعے میں ملی ٹنٹ ملوث،2 خالی کارتوس اور ایک گولی کا سرا برآمد:پولیس
پلوامہ//جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں منگل کورات دیر گئے محکمہ جنگلات کے2ملازمین کو نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار دی۔پولیس نے فائرنگ کے واقعے میں ملی ٹنٹوں کے ملوث ہونے کی بات کہتے ہوئے کہاکہ جائے وقوع سے اے کے47رائفل کے2 خالی کارتوس اور ایک گولی کا سر برآمد ہوا۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے2ملازمین ،فارسٹر جہانگیر احمد چیچی، اور عمران یوسف نے منگل کو رات کے وقت گشت کے دوران ضلع پلوامہ کے باگندر پل سنگروانی کے قریب سونا بنجر جنگلاتی علاقے میں مشکوک سرگرمی دیکھی۔ذرائع نے بتایا کہ جب دونوں ملازمین معائنہ کرنے کے قریب گئے تو نامعلوم افراد نے ملازمین پر فائرنگ کر دی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے چلائی گئی گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے محکمہ جنگلات کے ملازمین فارسٹر جہانگیر احمد چاچی ولد غلام محی الدین چیچی ساکنہ گوگجی پتھری بڈگام اور کیجول لیبر عمران یوسف وانی ولدمحمد یوسف وانی ساکنہ مونو چرار شریف کوصدر ہسپتال سری نگر منتقل کر دیا گیا،جہاں وہ زیرعلاج ہیں اوراُن کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ادھر پولیس نے بدھ کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جنگجوؤں کے حملے میں محکمہ جنگلات کے2 ملازمین زخمی ہو گئے۔ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ ضلع پلوامہ میں باگندر پل پر جنگجو جرائم کے واقعہ کی اطلاع ملی جس میں محکمہ جنگلات کے2ملازمین زخمی ہوئے۔ پولیس کے سینئر افسران اضافی کمک کے ساتھ حقائق کا پتہ لگانے کیلئے دہشت گردی کے جرائم کے مقام پر پہنچ گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس تھانہ راج پورہ کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ جنگجوؤں نے ضلع بڈگام کے محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں2 ملازمین زخمی ہو گئے جنہوں نے ضلع پلوامہ میں باگندرپل کے قریب لکڑی کے اسمگلروں کو پکڑنے کیلئے ناکہ لگایاتھا۔پولیس نے کہا کہ واقعہ کے بارے میں پولیس تھانہ راجپورہ پلوامہ میں ، ایف آئی آر نمبر79/2023 ، سیکشن 16،20 یو اے پی (ایکٹ)، 307 آئی پی سی اور 7/27 آئی اے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔بیان کے مطابق واقعے کے فوراً بعد پولیس، فوج اورمرکزی پولیس فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران جائے وقوعہ سےAK-47رائفل ارود کے2خالی کارتوس اور ایک گولی کا سر برآمد ہوا۔ تاہم، سرچ آپریشن جاری ہے۔










