ملازمین کا جی پی فنڈ کہاں،ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کہاں ؟

ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان کاحکومت سے سوال ،لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور چیف سیکرٹری سے فوری توجہ دینے کی اپیل

سری نگر//سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے سرکاری ملازمین کے GPفنڈ کی ادائیگی میں تاخیر پرسخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت پرزوردیاہے کہ ملازمین کے جی پی فنڈ اوریٹائر ڈملازمین کے واجبات کی فوری واگزاری کویقینی بنایا جائے ۔جے کے این ایس کوموصولہ ایک بیان کے مطابق ان باتوںکااظہار ٹریڈیونین لیڈر اورEJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے ملازم انجمنوںکے مشترکہ فورم کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس میں EJCCکے سینئر لیڈران شیخ اعجاز ،جاوید احمدآخون،شبیراحمد لنگو،خالد محمود،رحمت اللہ خان،فاروق احمدکاوا،حاجی عبدالقیوم بیگ،خضرمحمدسوگامی ،مسعود احمد نازکی ،شاہنوازآہنگر،ہلال احمد،محمدصادق ،منیر فلگرو،شوکت احمدنوشہری ،عنایت اللہ وانی ،فاروق احمدراتھر ،شیرعلی ،صبیہ بشیر،کومیل حیدر ،پرویز راجہ ،اورصدر ضلع سری نگر EJCCمحمداقبال کنٹھ بھی موجودتھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کہاکہ سرکاری ملازمین کیساتھ بدقسمتی سے مختلف محاذوں پرسوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھاجارہاہے ،جس کی وجہ سے ملازمین میں بے چینی اور تشویش بڑھ رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرکاری ملازمین کو اپنی جمع پونجی GPفنڈ کیلئے بھی اب دردرکی ٹھوکریں کھانا پڑرہی ہے ،اور یہی حال اُن ریٹائر ڈملازمین کا بھی ہے ،جنہوںنے اپنی زندگی کااہم حصہ انتظامیہ اورعوام کی خدمت میں صرف کیا ،اوراب وہ اپنے واجبات حاصل کرنے کیلئے پریشان ہیں ۔سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے سوالیہ اندازمیں کہاکہ ہماری سمجھ میں نہیں آتاہے کہ ملازمین کا جی پی فنڈ کہاں گیا؟اور کیوں ملازمین کو اپنی جمع کردہ رقم لینے میں بھی مشکلات درپیش ہیں ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ مستقل وعارضی ملازمین کے تئیں عدم توجہی کی پالیسی کوئی اچھی علامت نہیں ہے ،اورحکومت کوچاہئے کہ وہ ملازمین اور ڈیلی ویجروں وغیرہ کے جائز مسائل ومشکلات کاازالہ کرنے میں دلچسپی لے ۔انہوںنے مزید کہاکہ حال ہی میں ڈائریکٹر جنرل اکائونٹس اینڈ ٹریجریز نے اسبات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ ملازمین کے جی پی فنڈ اور سبکدوش ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کیلئے فوری اقدامات روبہ عمل لائے جائیں گے ،لیکن معاملہ ابھی بھی جوںکا توں پڑا ہے ۔سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے کہاکہ سرکاری ملازمین نے ہر دور میں اورہرحکومت کے تحت اپنے فرائض خوش اسلوبی کیساتھ انجام دئیے ہیں ،پھر چاہئے وہ شورش ہو ،2005کاتباہ کن زلزلہ ہو،2014کی سیلابی تباہ کاریاں ہوں یاکہ کوووڈ19سے پیداشدہ سنگین صورتحال ،لیکن ملازمین نے اپنے فرائض سے کبھی منہ نہیںموڑا ،بلکہ وہ تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے فرائض انجام دینے میں پیش پیش رہے ۔سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا صاحب اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ملازمین ،ریٹائرڈ ملازمین اور مختلف محکموںمیں کم اُجرتوں پرکام کرنے والے عارضی ملازمین کے مسائل اورجائز مانگوں کاجائزہ لیں اوران تمام مسائل ومطالبات کاازالہ کیاجائے ۔