ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں نے یوم آزادی ۔2023ء کی تقریبات کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان فضل الحسیب نے آ ج یوم آزادی۔2023ء کی تقریبات کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے کئے جانے والے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اَفسروں کی ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں ڈی پی ایل شوپیاں کو مرکزی مقام کے طورپر فیصلہ کیا گیا جہاں مہمانِ خصوصی ترنگا لہرائیں گے ۔ اس کے بعد مارچ پاسٹ ہوگا جسے ضلع پولیس ، سی آر پی ایف ، فارسٹ پروٹیکشن فورس ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی او راین ایس ایس کیڈٹس اور دیگر دستے پیش کریں گے۔میٹنگ میں سیکورٹی اِنتظامات ، ٹریفک ریگولیشن ، نشستوں کے اِنتظامات ، فل ڈریس ریہرسل ، پبلک ایڈیس سسٹم ، ثقافتی سرگرمیاں ، بجلی او رپانی کی فراہمی ، ٹرانسپورٹ کے اِنتظامات ، صفائی ، طبی سہولیات ، دعوتی کارڈ ، بیر یکیڈنگ ،تقریب کا مقام اور شرکت وغیرہ کے حوالے سے سیر حاصل بحث و تمحیص ہوئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ قومی تقریب کواحسن طریقے سے کامیاب بنانے کے لئے پیشگی ہرسطح پر فول پروف اِنتظامات کریں۔اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام متعلقہ اِنتظامات کو پہلے سے ہی یقینی بنائیں اور ضلع بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کے پُر اَمن اور مؤثر اِنعقاد کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں۔میٹنگ میں اے ڈی سی یار علی خان، ڈی پی او ، اے سی ڈی ، اے سی آر سی اِی او ، سی ایم او ، اے سی پی ، اے ایس پی او رضلع کے دیگرضلعی اور سیکٹورل اَفسروں نے شرکت کی۔