حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری،تقرری سے متعلق شرائط اورضوابط کو بعد ازاں مطلع کیا جائیگا:سنجیو ورما
سری نگر//جموں وکشمیرکی حکومت نے ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسربرج راج شرماکو اسٹیٹ الیکشن کمشنر نامزد کردیاہے ،تاہم اُن کی تعیناتی سے متعلق شرائط اورضوابط کو حکومت کی جانب سے بعدازاں مطلع کیا جائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات حکومت کے کمشنر سیکرٹری سنجیو ورما(آئی اے ایس )کی جانب سے 14جولائی2023کوایک نوٹیفکیشن جاری کی گئی ،جس میں کہاگیاہے کہ لیفٹنٹ گورنر آف یونین ٹریٹری نے جموں وکشمیر پنچایتی راج ایکٹ1989کے سیکشن36کے ذیلی سیکشن 3کے تحت حاصل اختیار ات کے تحت ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر برج راج شرماکوجموں وکشمیر کا اسٹیٹ الیکشن کمشنر نامزد کردیاہے۔سری نگرسے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق موصوف ریٹائرڈ آئی اے ایس،اسٹیٹ الیکشن کمشنر کے عہدے پر موصوف کی عمر65سال ہونے تک فائز رہیں گے ۔جاری نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہاگیاہے کہ جس دن ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر برج راج شرمااپنے عہدے کاچارج سنبھالیں گے ،تب سے ہی اُنکی بطور اسٹیٹ الیکشن کمشنر تقرری تصور کی جائے گی ۔نوٹیفکیشن میں مزید برآں یہ بھی کہاگیاہے کہ موصوف کی بطور اسٹیٹ الیکشن کمشنر تقرری سے متعلق شرائط اورضوابط کو حکومت کی جانب سے بعدازاں مطلع کیا جائے گا۔










