گاندربل // ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ( ایف اینڈ اِی ایس) آلوک کمار نے آج شری اَمرناتھ جی یاترا ۔2023 ء کے راستے بال تل کا دورہ کیا اور جاری پوتر گپھا کے لئے فائر سیفٹی کے اِنتظامات سمیٹ مختلف حفاظتی اِنتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران اُنہوں نے سری نگر سے بال تل کے راستے تمام یاترا کیمپوں کا دورہ کیا جن میں منیگام ، نیل گراٹھ ، بال تل بیس کیمپ ، بال تل ٹینٹ سٹی ،دومیل شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر نے سری نگر بال تل یاترا روٹ پرواقع این اینڈ اِی ایس گنڈ اور کنگن کا بھی اچانک معائینہ کیا۔ اِس موقعہ پر آلوک کمار نے نیم فوجی ، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے اَفسروں سے بات چیت کی اور یاتریوں کے کئے گئے حفاظتی اِنتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے یاتریوں کے لئے ہموار اور بغیر پریشانی یاترا کو یقینی بنانے میں ان کے قابل ستائش کام کے لئے تمام اَفسران کی ستائش کی ۔اُنہوں نے پولیس، آرمی، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، آئی ٹی بی پی، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور ہندوستانی فضائیہ کے نمائندوں سے بھی اِستفساری گفتگو کی۔ڈائریکٹر نے نیل گراٹھ ہیلی پیڈ کیمپس میں کیمپ ڈائریکٹر سمیت تمام اَفسروں اور شردھالوئوں سے بات چیت کی ۔اُنہوں نے یاتریوں کی ہمدردانہ سماعت کی او راَفسروں کوان کے جائز مسائل کے حل کے لئے موقعہ پر ہی ضروری ہدایات دیں۔ڈائریکٹر نے دورے کے دوران اِس محکمہ کے تمام اَفسروں اور جوانوں کو تاکید کی کہ وہ یاترا کے دوران کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردِّعمل کے لئے تمام شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔اُنہوں نے بال تل بیس کیمپ میں جوائنٹ پی سی آر میں تعینات ایس ایس پی کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی ۔میٹنگ کے دوران اُنہوں نے اُنہیں بال تل سے پوتر گپھا تک یاتریوں کے سفر / ٹریکنگ کے دوران کی جانے والی ٹیلی کمیونیکیشن، سی سی ٹی وی او رسیٹلائٹ سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔










