جے کے ٹی پی او ، انوسٹ اِنڈیا اور ڈی پی آئی آئی ٹی نے کپواڑہ میں آرگنک سر ٹیفکیشن مہم کا اِنعقاد کیا

کپواڑہ//جموںوکشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن ( جے کے ٹی پی او) نے انوسٹ اِنڈیااور ڈیپارٹمنٹ فار پروموشن آف اِنڈسٹری اینڈ اِنٹرنل ٹریڈ( ڈی پی آئی آئی ٹی ) کے اِشتراک سے ٹائون ہال میں او ڈی او پی اَقدام کے تحت ضلع کپواڑہ کے اخروٹ کی پیداوار کے لئے آرگنک سر ٹیفکیشن مہم کا اِنعقاد کیا۔پروگرام میں جموںوکشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن ( جے کے ٹی پی او) کے سینئر اَفسروں ، انوسٹ اِنڈیا اور ادیتی گروپ کے نمائندے ، ڈسٹرکٹ ہارٹی کلچر آفیسر کپواڑہ ، ائیریا مارکیٹنگ آفیسر ، ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈمارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کپواڑہ ، زائد اَز 120کسانوں اور ایف پی اوز نے حصہ لیا۔ضلع ہارٹی کلچر آفیسر کپواڑہ نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں تمام شرکأ کا خیر مقدم کیا اور جے کے ٹی پی او اور انوسٹ اِنڈیا کی اِس طرح کی مہمات کے اِنعقاد کے لئے سراہنا کی۔اِس موقعہ پر اِنوسٹ اِنڈیا ٹیم اور ادیتی گروپ کے سینئر نمائندوں نے بات کرتے ہوئے آرگنک سر ٹیفکیشن کے لئے درکار فوائد اور دستاویزات کی وضاحت کی۔اِس پہل کے تحت کسانوں کو نامیاتی پیداوار کے ثبوت کے طور پر اخروٹ کا نامیاتی سر ٹیفکیشن ، اِنوسٹ اِنڈیا ، مرکزی حکومت سے ملے گا جس سے پیداوار کے لئے منافع بخش قیمتیں حاصل ہوں گی اور ضلع کی معیشت کو نمایاں طور پر فروغ ملے گا۔ یہاںیہ بتانا ضروری ہے کہ نامیاتی مصنوعات اور نامیاتی کاشت کاری کو قومی او رعالمی سطح پر کافی عرصے سے آواز بلند کیا جارہا ہے اور کپوارہ اخروٹ کی آرگنک سر ٹیفکیشن اِس کی قیمت اور مارکیٹ میں قبولیت کو بڑھا دے گی۔جموںوکشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن ( جے کے ٹی پی او) نے اِنوسٹ اِنڈیا کے ساتھ مل کر جموںوکشمیر یوٹی کے تین اَضلاع یعنی پلوامہ کے لئے زعفران ، کشتواڑ کے لئے زعفران او ررام بن کے لئے شہد کے لئے آرگنک سرٹیفکیشن مہم پہلے ہی مکمل کی ہے اور سر ٹیفکیٹ ان اضلاع میں تقسیم کے لئے تیار ہیں ۔جموںوکشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن ( جے کے ٹی پی او) مستقبل میں دیگر اَضلاع کے لئے بھی یہ مہم چلائے گا تاکہ کسانوں کوفائدہ پہنچے۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ مرکزی وزارتِ صنعت و حرفت کے تحت نامیاتی پیداوار کے قومی پروگرام ( این پی او پی)میں سرٹیفکیشن باڈیز کی منظوری، نامیاتی پیدوار کے معیارات ، نامیاتی کاشت کاری اور مارکیٹنگ کو فروغ دینا وغیرہ شامل ہیں۔پیداوار او رایکریڈیشن سسٹم کے این پی او پی معیارات کویورپی کمیشن او رسوئزر لینڈنے غیر پروسیس شدہ پلانٹ کی مصنوعات کے لئے اَپنے ملک کے معیارات کے برابر تسلیم کیا ہے ۔ اِن شناختوں سے ہندوستانی نامیاتی مصنوعات جو ہندوستان کے تسلیم شدہ سرٹیفکیشن اِداروں کے ذریعہ صحیح طور پر تصدق شدہ ہیں درآمد کرنے والے ممالک قبول کرتے ہیں۔