سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفیئر ایم سی ایچ اینڈ امیونائزیشن جموںوکشمیر نے ’’ عالمی یومِ آبادی‘‘کے موقعہ پر آج گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر میں اِس دِن کی یاد میں ایک تقریب کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مہمان خصوصی ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ایم سی ایچ اینڈ امیونائزیشن جموں وکشمیر ڈاکٹر تبسم جبین اور پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر محترمہ نصرت بخاری مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھیں۔تقریب میںدیگر معززین کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر کشمیر ڈویژن ڈاکٹر مسرت جبین ، آڈیو ویژول آفیسر فیملی ویلفیئر جموںوکشمیر محترمہ ریحیلہ نور ، ایڈمنسٹریٹیو فیملی ویلفیئر جموںوکشمیر ہلال احمد وانی اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر کی فیکلٹی ممبران موجود تھے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دُنیا بھر میں ’عالمی یوم آبادی ‘ منایا جاتا ہے تاکہ عوام کو حال ہی میں بڑھتی ہوئی گلوبل پاپولیشن گروتھ کے بارے میں بیداری فراہم کی جاسکے اوراِس سے ملک کی معیشت اور ترقی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں یا اِس سے کیا خطرہ ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ زیادہ آبادی ایک اہم مسئلہ ہے بالخصوص اِس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ وسائل غیر دیر پا شرح سے کم ہو رہے ہیں اور اِس حوالے سے اِجتماعی اَقدامات کرنا ہر شہری کی ذمہ داری بنتی ہے۔ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر جموںوکشمیر نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11؍ جولائی کو ’ ’عالمی یوم آبادی ‘‘ن ‘ بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ دِن بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے کو اُجاگر کرتا ہے اور آبادی میں تیزی سے اِضافہ ان وسائل کے مختلف پہلوئوں کو متاثر کرتا ہے جن کی اِنسان کو زندہ رہنے کے لئے ضرورت ہے۔اُنہوں نے مزید زور دیا کر کہا کہ قدرتی اور قابل تجدید وسائل کی کمی کے علاوہ اِس بات سے اِنکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ آبادی میں بے تحاشہ اِضافہ اِنسانی زندگی کے حالاتِ زندگی کو بہت زیادہ متاثر کرے گا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر کشمیر ڈویژن ڈاکٹر مسرت جبین نے اِس بات پر زور دیا کہ ’’ عالمی یوم آبادی ‘‘ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ اگر ہم کرہ ارض کے ہراِنسان کی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے دیرپا ترقی کے لئے پالیسی سازوں کے ذریعے تصور کئے گئے خوشحال ، پُر اَمن اور دیر پا مستقبل کو حاصل کرسکتے ہیں۔آخیر میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر کی فیکلٹی ممبر معصومہ حسین نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔










