ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے اِنتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شادی پورہ ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کل شادی پورہ میں اَمرناتھ یاتریوں کے لئے ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا اور جمعہ کی صبح بارش کی وجہ سے روکے گئے یاتریوں کے لئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کیمپ میں قیام و طعام ، لنگر ، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب سمیت تمام اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر اویس احمد نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اِنتظامات پراطمینان کا اِظہار کیا اور کہاکہ اُنہوں نے یاتریوں کے آرام سے قیام کے اِنتظامات کو مزید بہتر کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی بارش کا اندازہ لگاچکے تھے کیوں کہ گزشتہ برسوں میں بھی ایسا ہی ہوا تھا اور اِنتظامات پہلے سے ہی کئے گئے تھے بالخصوص نکاسی آب نظام کو درست طریقے سے برقرار رکھا گیا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ تمام ضروری اِنتظامات بشمول طبی سہولیات اور دیگر اِن ڈور اور آئوٹ ڈور اِنتظامات کئے گئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یاتریوں کے آرام سے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ڈیوٹی اَوقات سے زیادہ کام کرنے پر سول ، پولیس ، فوجی اَفسران اور ملازمین کو سراہا۔ اُنہوں نے ٹرانزٹ کیمپ میں تعینات یاتریوں سے گفت و شنید کی اور ان کے لئے دستیاب خدمات اور سہولیات کے بارے میں رائے لی۔یاتریوں نے ٹرانزٹ کیمپ میں بارش کے دوران ضلعی اِنتظامیہ اور محکموں کی جانب سے کی گئی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔