45سالہ شخص لقمہ اجل ، سری نگر لیہہ شاہراہ پر2افرادازجان
سری نگر//کشمیروادی میں جمعرات کورات دیر گئے سے جاری موسلا دار بارشوں کے بیچ کولگام ضلع کے گڈر علاقے میں ایک 45سالہ شخص آسمانی بجلی کی زدمیں آکر لقمہ اجل بن گیا جبکہ سری نگر لیہہ شاہراہ پر ایک سڑک حادثے میں گاندربل کے رہنے والے2افراد کی موت واقعہ ہوگئی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے گڈر علاقے میں جمعہ کو آسمانی بجلی گرنے سے ایک45 سالہ شخص کی موت واقعہ ہو گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام ضلع کے گڈر علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے45سالہ حمید اللہ ولد حسن خان ساکنہ گڈر کولگام کی جان چلی گئی۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کی۔اس دوران لداخ میں ایک ٹرک کے سڑک سے پھسلنے سے گاندربل کے2 رہائشی ہلاک ہوگئے ۔ذرائع نے بتایاکہ جمعہ کی صبح لداخ کے نیمو کے قریب ایک ٹرک کے سڑک سے پھسل جانے کے حادثے میں2 افراد کی موت واقعہ ہو گئی۔ حکام نے یہاں بتایاکہ جمعہ کو علی الصبح لداخ کے نیمو علاقے کے قریب ایک ٹرک سڑک سے پھسل گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں گاندربل کے ٹرک کے مالک50سالہ ظہور احمد وانی کی موقع پر ہی موت واقعہ ہو گئی، جبکہ اس کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ شدید زخمی ڈرائیو کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔مہلوک کی شناخت شاہنواز احمد صوفی ساکنہ گاندربل کے طور پر کی گئی ہے۔










