سڑکوں ،گلی کوچوں اور بازاروں میں پانی جمع،لوگوںکو عبورومرورمیں مشکلات

تاریخی مغل روڑ بند،سری نگر جموں قومی شاہراہ اور سری نگر لیہہ شاہراہ پرٹریفک میںخلل

سری نگر// جموں و کشمیر میں جمعرات کو رات دیر گئے سے جاری ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش نے درجہ حرارت میں کمی لائی، جبکہ بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے اور پتھر گرآنے کی وجہ سے مغل روڑ کوٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیاجبکہ سری نگرجموں قومی شاہراہ اورسری نگر لیہہ شاہراہ پر بھی گاڑیوںکی آمدورفت میں خلل پڑا،تاہم ان دونوں شاہراہوں پر ٹریفک بحال ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات کو دن بھر مطلع ابرآلود رہنے کے بعد رات دیر گئے سری نگرسمیت پوری کشمیر وادی اورجموں خطے کے بیشتر علاقوںمیں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا،جو جمعہ کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا ۔سری نگراور شمالی وجنوبی کشمیرمیں زیادہ وقت تیز بارشیں ہوتی رہیں ،جس وجہ سے سڑکوں اور گلی کوچوں بشمول بازاروں میں پانی جمع ہوگیا،اورجمعہ کی صبح لوگوںکو عبورمرورمیں مشکلات پیش آئیں ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران جمعہ کو صبح ساڑھے8 بجے تک سری نگر میں1.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں1.4 ملی میٹر، پہلگام میں7.8 ملی میٹر،بارہمولہ میں 2ملی میٹر،بانڈی پورہ میں ایک سے 2ملی میٹر،کپواڑہ میں 2.7 ملی میٹر، کوکرناگ میں10.2 ملی میٹر، گلمرگ میں 0.6 ملی میٹر، بانہال میں 3 سے4ملی میٹر ، کٹرا 0.6 ملی میٹر اور بھدرواہ0.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔انہوںنے کہاکہ رات بھرہونے والی بارشوںکی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ۔اس دوران تازہ بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے اور پتھر گرآنے کی وجہ سے مغل روڑ کوٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔ حکام نے بتایاکہ وادی کشمیر کے شوپیاں ضلع کو جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ سے ملانے والی مغل روڈ جمعہ کو لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی تھی۔حکام نے بتایا کہ بارش کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اس پہاڑی ضلع میں رتہ چمب کے قریب سڑک بند ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سڑک کو صاف کرنے کے لیے لوگوں اور مشینری کو کام میں لگا دیا گیا ہے۔ادھر سری نگرجموں قومی شاہراہ اورسری نگر لیہہ شاہراہ پر بھی گاڑیوںکی آمدورفت میں خلل پڑا،تاہم ان دونوں شاہراہوں پر ٹریفک بحال ہے ۔ادھر جمعہ کو صبح کچھ وقت کیلئے بارشوںکا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم دوپہر کے بعدسے موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری آئی ۔گھنے بادلوں سے گھرے آسمان سے بادل چھٹنے لگے اورسری نگرسمیت کچھ علاقوں میں تھوڑی دیر کیلئے دھوپ نکلی ۔تاہم سہ پہر کے وقت پھرایک مرتبہ بادل چھاگئے ،اور بارشوں کے امکانات پیداہوگئے ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کے بارے میں کہاکہ اگلے24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔