سری نگر//جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سے جاری بارشوں کے باعث جمعہ کی صبح بالہ تل گاندربل اور نون ون پہلگام دونوں راستوں پرامرناتھ یاترا کو روک دیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایاکہ خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے یاترا کو معطل کر دیا گیا ہے اور جمعہ کی صبح کسی بھی یاتری کو مقدس غار کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ موسمی صورتحال بہتر ہونے کے بعد یاترا کو بحال کیاجائے گا۔اس دوران سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہتا شرما کے مطابق کہ جموں سے کشمیرجانے والے یاتریوں کے ایک قافلے کو ضلع رام بن کے چندر کوٹ علاقے میں روک دیا گیا ہے۔موہتا شرما نے بتایا کہ پہلگام پٹی میں خراب موسم کی وجہ سے یاترا کو روک دیا گیا ہے۔جموں میں حکام کے مطابق، جہاں پہلگام بیس کیمپ کی طرف جانے والے4600 یاتریوں کے جتھے کو چندر کوٹ رام بن میں روک دیا گیا ہے، وہیں بالہ تل کیمپ جانے والے2419 یاتریوں کے ایک اور گروپ کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ موسم بہتر ہونے کے بعد یاترا دوبارہ شروع ہو جائے گی۔










