احتراماًکھڑے نہ ہونے پر12افراد کیخلاف کارروائی ، اچھے برتاؤ کیلئے صرف پابندکیاگیا:سری نگرپولیس نے کی وضاحت
سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کیساتھ جون2023 میں ایک تقریب کے دوران قومی ترانے کے دوران کھڑے نہ ہونے پر 12 لوگوں کوپابندکردیاگیاہے۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ پولیس میوزک بینڈ کیخلاف بھی محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے کیونکہ وہ اس بات کو یقینی بنانے میں ناکام رہے کہ قومی ترانہ بجانے سے پہلے سبھی موجودلوگ کھڑے ہو تے۔پولیس نے کہاکہ قومی ترانے کے دوران کھڑے ہونے کی پاداش میں12 افراد کو سی آر پی سی کے سیکشن107 اور151 کے تحت پابندسلاسل کیا گیا۔ یہ سیکشن پولیس کو کسی شخص کو گرفتار کرنے یا حراست میں لینے کا اختیار دیتا ہے یا اس سے جرم کی توقع میں بانڈ پر دستخط کرنے کو کہتا ہے۔ حکام کے مطابق، کچھ لوگوں نے25 جون کو جموں و کشمیر پولیس کے زیر اہتمام منعقدہ ’پیڈل فار پیس‘ سائیکلنگ ایونٹ کی اختتامی تقریب کے دوران کھڑے نہ ہونے کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے قومی ترانے کی’بے عزتی‘کا سخت نوٹس لیا اور مبینہ خلاف ورزی کی انکوائری شروع کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے حوالے سے پہلے سوشل میڈیا گروپوں میں یہ بتایاگیا تھا کہ قومی ترانے کی بے عزتی کرنے پر14 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور چند پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا گیا،تاہم سری نگر پولیس نے ایک ٹویٹ میں اس خبریااطلاع کی تردید کی۔سری نگرپولیس نے ٹویٹ میں وضاحت کی کہ صرف12 افراد کو فوجداری کارروائی کی دفعات کے تحت پابندکیاگیا ہے۔ سری نگرپولیس نے اپنے ٹویٹ میں لکھا’’ایک غیر مصدقہ خبر گردش کر رہی ہے کہ 14 پولیس اہلکاروں،فراد کو قومی ترانے کی توہین کرنے پر گرفتار،معطل کیا گیا ہے۔ سری نگر پولیس نے ٹویٹر پر کہا کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ یہ خبر مکمل طور پر جھوٹی ہے، بلکہ 12 افراد کو عام طور پر سی آر پی سی کی دفعہ107اور151 کے تحت اچھے برتاؤ کیلئے پابند کیا گیا ہے۔










