arrest

زیرحراست والد کی رہائی کے بعد بیٹے سے ایک لاکھ روپے کاتقاضا

بارہمولہ میں 2مبینہ بھتہ خور گرفتار ، متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج ، مزیدتحقیقات جاری:پولیس

بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے ایسے 2مبینہ بھتہ خوروں کی گرفتاری عمل میں لائی ،جنہوںنے ایک شخص کی رہائی کے بعداُسکے بیٹے سے رقم کاتقاضاکیا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق فیصل بشیرصالح ولد بشیر احمدصالح ساکنہ کانلی باغ بارہمولہ نے پولیس تھانہ بارہمولہ میں ایک تحریری شکایت درج کرادی ،جس میں درخواست گزار نے کہاکہ اُس کاوالد بشیر احمدصالح سال 2002 سےPSAکے تحت زیرحراست تھا،اور والد کی رہائی کیلئے 2افراد نے خودکوایک سیاسی جماعت سے وابستہ ہونے کادعویٰ کرتے ہوئے مجھ سے والد کی رہائی عمل میں لانے کیلئے ایک لاکھ روپے کامطالبہ کیا ۔درخواست گزار فیصل بشیر کے مطابق زیرحراست والد کی رہائی کیلئے بھاری رقم کامطالبہ کرنے والوںمیں مدثر احمدوانی ولد منظوراحمدوانی ساکنہ سنگری کالونی بارہمولہ اوریاسررشیدراتھر ولد عبدارلشیدراتھر ساکنہ ملہ پورہ شیری بارہمولہ شامل تھے ۔فیصل بشیر نے پولیس کو بتایاکہ اُس کے گھرکی مالی حالت کمزورتھی ،اوراس لئے وہ دونوں افرادکو مطلوبہ ایک لاکھ روپے کی رقم نہیں دے سکا۔انہوںنے کہاکہ پی ایس اے کے تحت زیرحراست اُن کے والد کو رہاکیاگیا ،اور دونوں ملزمان نے اسکے بعد پھر ایک لاکھ روپے دینے کا یہ کہہ کر مطالبہ کیا کہ اُن کی کاوشوں سے ہی میرے والد کی رہائی عمل میں آئی ہے ۔والد کی رہائی کے بعد ملزمان کی جانب سے فیصل بشیر اور دوسرے افرادخانہ کو دھمکیاں ملنے لگیں ۔درخواست گزار کے مطابق ملزمان نے فون پر دھمکی دی کہ اگر مطالبہ رقم ادا نہ کی گئی تواسکے سنگین نتائج برآمد ہونگے اور میرے والد کو دوبارہ حراست میں لیاجائے گا۔پولیس کے مطابق ملزمان سے جان چھڑانے کیلئے درخواست گزار نے اُنھیں دس ہزارروپے دے دئیے لیکن دونوں ملزمان نے اُس کو ایک لاکھ روپے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان یعنی مبینہ بھتہ خوروں کی گرفتاری عمل میں لاکر اُن کیخلاف پولیس تھانہ بارہمولہ میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیاگیا ،اورا س سلسلے میں مزیدتحقیقات جاری ہے۔