rain

جموں وکشمیر میں8جولائی تک کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش کاامکان

سری نگر//محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بکھرے مقامات پر بارش کے امکان کے ساتھ منگل کو ٹھنڈا دن رہنے کی پیش گوئی کی ۔تاہم دن بھر جموں اورکشمیروادی میں سورج آگ اُگلتا رہا،تاہم رات کے درجہ حرارت میں گزشتہ شب کمی درج کی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم ہندستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کی جانب سے منگل کی صبح جانکاری دی گئی کہ آج مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ جموں وکشمیرمیںکہیں کہیں بارش ہونے کاامکان ہے ،جس وجہ سے آج کا دن ٹھنڈا ہو گا۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ 5جولائی بروزبدھ وار کو جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 سے 8 جولائی تک جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ جموں خطہ کے میدانی علاقوں میں کچھ مقامات پر صبح کے اوقات میں اعتدال سے لے کر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔