ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کا نون وَن اور چند ن واڑی کا دورہ
اننت ناگ//ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل نے پہلگام کا دورہ کیا اوریکم؍ جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ شری اَمرناتھ جی یاترا کے لئے آنے والے یاتریوں کی خاطرنون وَن بیس کیمپ اور چند ن واڑی کیمپ میں کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل پولیس دِلباغ سنگھ اورچیف ایگزیکٹیوآفیسر شری اَمرناتھ شرائین بورڈ ( ایس اے ایس بی ) ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری تھے۔اِس موقعہ پر ڈی آئی جی سائوتھ ، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ، ایس ڈی ایم پہلگام اور دیگر سول او رپولیس اَفسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے چند ن واڑی کیمپ میں شری اَمرناتھ جی یاتریوں کو معیاری صحت خدمات فراہم کرنے کے لئے ڈی آر ڈی او ہسپتال میں قائم ہیلتھ کیئر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں کو بہترین ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مشن موڈ میں کام کریں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں سے کہا کہ وہ شردھالوئوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہسپتال میں ڈاکٹر وں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کی مناسب تعداد میں تعیناتی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا،’’ چند ن واڑی میں ڈی آر ڈی او کی طرف سے بنایا گیا عارضی سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ،شری اَمرناتھ جی یاترا کے یاتریوں اور یاترا اِنتظام میں مصروف لوگوں کو چوبیس گھنٹے صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔‘‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی کہ طبی سہولیات کو چوبیس گھنٹے دستیاب رکھا جائے تاکہ کسی بھی عقیدت مند کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اُنہوں نے پہلگام میں نون وَن بیس کیمپ کا بھی دورہ کیا اور آنے والی شری اَمرناتھ جی یاترا کی تیاریوں اور اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہو ںنے بیس کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا اور کیمپ میں قائم پینے کے پانی ، ہیلتھ کیئر ، بیت الخلاء ، صفائی ستھرائی ، انٹری پوائنٹس اور لنگر اِنتظام سمیت سہولیات کا معائینہ کیا۔بعد میں آر کے گوئیل نے اِس مذہبی یاترا کے اِنعقاد کے سلسلے میں کیمپ ڈائریکٹر وں اور دیگر اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی ۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ان یاتریوں کو بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ اُنہوں نے یاتریوں کے لئے قائم تمام مقامات پر مناسب صفائی ستھرائی اور معیاری بنیادی سہولیات کو برقرار رکھنے پر توجہ دینے کو کہا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کوکیمپ ڈائریکٹروں اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر اَفسروں نے یاتریوں کے لئے کیمپوں میں دستیاب سہولیات سے متعلق جانکاری دی۔










