آپسی تال میل رکھیں، یاتریوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کی بھلائی کو ترجیح دیں: وجے کمارکی ہدایت
سری نگر//ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے ہفتہ کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کا دورہ کر کے امر ناتھ یاترا2023 کے انعقاد کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میںکہاکہ سالانہ امرناتھ یاترا کی اہمیت اور اسے درپیش سیکورٹی چیلنجوں کے پیش نظر اے ڈی جی پی کشمیر کے دورے کا مقصد تیاریوں کا جائزہ لینا اور افسران کو ضروری رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ میٹنگ میں جی او سی وکٹر فورس، آئی جی سی آر پی ایف، آئی جی بی ایس ایف، سیکٹر کمانڈر سیکٹر1 اور 3، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اننت ناگ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف اونتی پورہ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف اننت ناگ ڈی آئی جی آئی ٹی بی پی، ایس ایس پی اننت ناگ، ایس ایس پی کولگام، ایس ایس پی اونتی پورہ اور دیگر سینئرافسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں یاترا ٹریک کی مشترکہ ٹیم کی پیش کردہ رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ڈی جی پی نے پولیس و سیکورٹی فورسز کے تمام ایس ایس پیز اور کمانڈنگ افسروںکو موقع پر ہی موک ڈرل اور مشترکہ بریفنگ کرنے کی ہدایت کی۔ عوامی تحفظ کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے یاترا کے دوران یاتریوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی بھلائی کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عازمین کو محفوظ اور پریشانی سے پاک تجربہ فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی کشمیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور ان کے درمیان بہتر ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں اور عام لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔مشترکہ میٹنگ میں یاتریوں کے لیے اختیار کیے گئے راستوں کی سیکورٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور افسران کو یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ قومی شاہراہ کے ساتھ خاص طور پر حساس مقامات پر حفاظتی گرڈ کو مضبوط کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نگرانی میں اضافہ کریں اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے افسران کو NHW کے ساتھ ساتھ موٹر وہیکل چیک پوائنٹس (MVCP) اور رات کے تسلط کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ متعدد ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا۔ حساس یاترا کیمپوں اور مقامات پر فوج کے اینٹی ڈرون آلات کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اے ڈی جی پی کشمیر نے میٹنگ میں موجود افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے علاقے پر گہری نظر رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ڈرون مانیٹرنگ سسٹم کا استعمال کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کے بارے میں قابل عمل انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کریں۔ انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ افواہ پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھیں جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کر یں انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ بھیڑ بھاڑ والے جنکشن پر متبادل راستوں کا انتظام کریں تاکہ عام لوگوں کی سہولت کے لیے مسافروں کی پریشانی سے پاک نقل و حرکت ہو۔ اس سے پہلے میٹنگ کے آغاز پر، اے ڈی جی پی کشمیر کو افسران نے یاترا کے محفوظ اور ہموار انعقاد کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی اور سیکورٹی چیلنج سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کی ان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ یاتریوں کی سہولت کے لیے پہلے سے قائم مشترکہ کنٹرول رومز کے کام کاج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ یاترا کے دوران عام لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔










